پاپ میوزک، اداکاری کے بعد حدیقہ کیانی کی قوالی میں انٹری

حدیقہ کیانی نے 'جانے اس دِل' قوالی گائی ہے جس کی موسیقی نامور طبلہ نواز استاد دلدار حسین نے ترتیب دی ہے— فوٹو:اسکرین شاٹ
حدیقہ کیانی نے 'جانے اس دِل' قوالی گائی ہے جس کی موسیقی نامور طبلہ نواز استاد دلدار حسین نے ترتیب دی ہے— فوٹو:اسکرین شاٹ

پاکستان کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نہ صرف پاپ سنگر ہیں بلکہ غیر ملکی زبانوں میں بھی اپنی آواز کا جادو جگاچکی ہیں بلکہ وہ ایک پاکستانی ڈرامے میں اداکاری بھی کررہی ہیں۔

اور اب انہوں نے قوالی گاکر اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے اور وہ اس میں بھی مداحوں کو متاثر کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

حدیقہ کیانی نے 'جانے اس دِل' قوالی گائی ہے جسے آج (25 جنوری کو) کو صوفی اسکور کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: حدیقہ کیانی کی اداکاری کی جھلک دیکھ کر مداح حیران

اس گانے کی موسیقی نامور طبلہ نواز استاد دلدار حسین نے ترتیب دی ہے جسے ساتھ میں زوہیب حسن نے سارنگی اور عرفان کیانی نے ہارمونیم پر پیش کیا ہے۔

8 منٹ 32 سیکنڈ کے دورانیے پر مشتمل اس قوالی کی ہدایات عبداللہ حارث نے دی ہیں جسے میاں یوسف صلاح الدین نے پروڈیوس کیا ہے۔

اپنی پہلی قوالی کی ویڈیو میں حدیقہ کیانی نے ڈیزائنر محسن نوید رانجھا میر کا تیار کردہ لباس اور ہما عدنان کی جیولری پہنی ہے۔

اس حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے حدیقہ کیانی نے قوالی کو 'موسیقی کی خالص ترین قسم قرار دیا'۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

حدیقہ کیانی نے کہا کہ چند ماہ قبل مجھے، لگ بھگ 3 دہائیوں کے عرصے تک استاد نصرت فتح علی خان کے لیے دھن ترتیب دینے والے استاد دلدار حسین کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انہی طبلہ لیجنڈ نے اس خوبصورت کو قوالی کو میرے لیے غزل کے انداز میں ترتیب دیا۔

یہ بھی پڑھیں: حدیقہ کیانی کی ثانیہ سعید کے ساتھ سیٹ پر گانا گانے کی ویڈیو وائرل

حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ اسے گانا میری زندگی کے بڑے اعزازات میں سے ایک ہے اور میں اسے آخر کار دنیا سے شیئر کرنے بہت زیادہ خوش ہوں۔

دوسری جانب قوالی کی ہدایات دینے والے صلاح الدین نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بی ٹی ایس ویڈیو بھی شیئر کی۔

ویڈیو میں حدیقہ کیانی نے کہا کہ 'میں بچپن سے قوالی سنتی آرہی ہوں اور میں قوالی کو کئی گھنٹوں تک سن سکتی ہوں'۔

انہوں نے کہا کہ اپنے پورے کیریئر میں، میں نے قوالی اس طرح سے نہیں، مجھے استاد دلدار حسین کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو میں نے اس موقع کو غنیمت جان کر اس کا فائدہ اٹھایا۔

حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے بہت اعزاز کی بات کہ میں نے استاد دلدار حسین کے ساتھ کام کیا، میرا خواب پورا ہونے جارہا تھا اور یہ ایک چیلنج بھی تھا۔

مزید پڑھیں: گلوکاری کے بعد حدیقہ کیانی اداکاری کیلئے کے تیار

انہوں نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ قوالی گاتے ہوئے مجھے تھوڑی بہت بے چینی بھی ہوئی لیکن مجھے استاد دلدار حسین نے بہت اعتماد دیا اور بہت سپورٹ کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

حدیقہ کیانی نے کہا کہ یہ میرے لیے ایک روحانی تجربہ تھا، اور یہ میرے مداحوں کے لیے ایک تحفہ ہوگا۔

خیال رہے کہ حدیقہ کیانی نے حال ہی میں ڈراما 'رقیب سے' سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا ہے اور 'رقیب سے' کا ٹائٹل گانا بھی انہوں نے ہی گایا ہے، جس کی شاعری ان کی والدہ خاور کیانی نے لکھی ہے۔

'رقیب سے' میں حدیقہ کیانی کے علاوہ نعمان اعجاز، ثانیہ سعید، اقرا عزیز اور فریال مخدوم سمیت دیگر اداکار شامل ہیں اور اس کی کہانی بی گل نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات کاشف نثار نے دی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں