ٹرانس جینڈر ماڈل رمل علی نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی

رمل علی کو پاکستان تحریک انصاف کے ویلفیئر ونگ کی رکنیت دی گئی ہے—فوٹو: قاسم ارشد
رمل علی کو پاکستان تحریک انصاف کے ویلفیئر ونگ کی رکنیت دی گئی ہے—فوٹو: قاسم ارشد

چند روز قبل تشدد کا شکار ہونے والی پاکستان کی پہلی ٹرانس جینڈر ماڈل اور اداکارہ رمل علی نے حکمراں جماعت انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کرلی۔

رمل علی کو پاکستان تحریک انصاف کے ویلفیئر ونگ کا رکن بنایا گیا اور انہیں پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کی رکنیت بھی دی گئی۔

ٹرانس جینڈر ماڈل اور اداکارہ کو دونوں اداروں میں صنفی تفریق کے لیے صدر کا معاون تعینات کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے رمل علی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا حصہ بننا میرے لیے باعث فخر ہے۔

—فوٹو:قاسم ارشد
—فوٹو:قاسم ارشد

انہوں نے کہا کہ میں اپنی اپنی کمیونٹی کے افراد کی بہتری کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں رمل علی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک شخص نے ان پر تشدد کیا، ان کی بھنویں مونڈھ دیں اور سر کے بال کاٹ دیے۔

رمل علی نے کہا تھا کہ جہانزیب خان نامی شخص نے انہیں شدید جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ملزم انہیں ایک عرصے سے پریشان کررہا تھا اور انہوں نے اس کی وجہ سے کئی مقامات بھی تبدیل کیے لیکن اس نے میرا پیچھا نہیں چھوڑا اور انہوں نے انصاف کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

خیال رہے کہ رمل علی 'سات دن محبت ان' اور 'رہبرا' نامی فلمز میں بھی اداکاری کرچکی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں