قطر سے ایل این جی کا نیا معاہدہ کیا ہے جس سے ہر سال 30 کروڑ ڈالر کی بچت ہوگی، عمران خان

اپ ڈیٹ 26 فروری 2021
وزیر اعظم عمران خان لاہور میں گرین بزنس ڈسٹرکٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز
وزیر اعظم عمران خان لاہور میں گرین بزنس ڈسٹرکٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان نے بتایا ہے کہ پاکستان کا قطر کے ساتھ ایک معاہدہ ہوا ہے جس سے ہر سال ملک کو 30 کروڑ ڈالر کی بچت ہوگی اور آئندہ دس سالوں میں 3 ارب ڈالر کی بچت ہوگی۔

لاہور میں گرین بزنس ڈسٹرکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے میں خوشی ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک پر مشکل وقت آتا ہے تو اس سے سوچنے کے لیے پرانی سوچ سے ہٹ کر کچھ کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دس سالوں میں جتنے قرضے چڑھے اور معاشی بد انتظامی ہوئی اس کی وجہ سے مالی خسارہ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ گیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم اور کابینہ کی کارکردگی کیسے بہتر ہوگی؟

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی ہوئی اور مہنگائی میں اضافہ ہوا، 'یہ ہمیں وراثت میں ملے تھے'۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 'ہم نے اپنی آمدنی بڑھانی ہے اور اپنے خرچ کو کم کرنا ہے، آمدنی نہیں بڑھی تو نہ ہم اپنے خرچ پورے کرسکتے ہیں اور نہ ہی قرضوں کی قسطیں ادا کرسکتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کی دولت کو بڑھانا ہے تاکہ ہم قرضے واپس کرنے کی قوت حاصل کرسکیں'۔

انہوں نے کہا کہ گرین بزنس ڈسٹرکٹ آمدنی کو بڑھانے میں مدد دے گا، اس کے پہلے مرحلے میں 1300 ارب روپے پیدا ہوں گے جس میں سے وفاقی حکومت کو ٹیکسز کی مد میں 250 ارب روپے ملیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے دوسرے مرحلے میں والٹن ایئرپورٹ کو ڈی نوٹیفائی کیا جائے گا جس سے یہاں اونچی عمارتیں قائم ہوسکیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک وزیر اعظم اور وزرا کی چوری سے تباہ ہوتے ہیں، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں جدید شہر اوپر کی جانب جارہے ہیں، گلبرگ، فیروز پور روڈ وغیرہ معاشی حب بن سکتے ہیں اور یہاں اونچی عمارتیں بن سکیں گی، لاہور پھیل رہا ہے اور اس کو روکنے کے لیے اونچائی کی جانب جانا پڑے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لاہور کے پھیلنے سے پانی، سیوریج کے مسائل پیدا ہوگئے ہیں، سارا سیوریج نیچے جارہا، سرد موسم میں جب راوی سکڑتا ہے تو وہ بالکل ایک نالے کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ والٹن ایئرپورٹ ڈی نوٹیفائی ہونے کے بعد جب یہ سارے کمرشلز اوپر جائیں گے تو اس سے تقریباً 6 ہزار ارب روپے اکٹھے کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ شہر کے درمیان نہیں ہوتے، والٹن ایئرپورٹ کو علیحدہ جگہ دے دی گئی ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ اور راوی سٹی کا منصوبہ سارے پاکستان کے لیے دولت پیدا کریں گے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کے منصوبے کے تحت ایف بی آر کے پاس 330 تعمیراتی منصوبے رجسٹرڈ

انہوں نے کہا کہ 'چند لوگوں کو تحفظات ہیں کہ درخت کاٹے جائیں گے اور یہ منصوبے ماحول دوست نہیں ہوں گے، میں بتانا چاہوں گا کہ میں پاکستان کا سب سے بڑا ماحول دوست خود کو سمجھتا ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے پہلے ہم نے درخت لگانے کا منصوبہ تیار کیا تھا، بتانا چاہتا ہوں کہ کوئی درخت نہیں کاٹا جائے گا، اگر کسی درخت کو ہٹانا پڑا تو اسے ری لوکیٹ کردیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 'ہم سارے درخت اگانے کی نئی ٹیکنالوجیز کو یہاں استعمال کریں گے'۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 'جب بھی کوئی ہاؤسنگ سوسائٹیز بنتی ہیں تو سب سے بڑی سرمایہ کاری تارکین وطن پاکستانی کرتے ہیں، اس میگا پروجیکٹ پر بھی زیادہ تر توجہ تارکین وطن پاکستانیوں کا ہے اور اس کی وجہ سے پاکستان میں ڈالرز آئیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ سے تنخواہ دار طبقے کے گھر بنانے کے خواب کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے، اس منصوبے میں 50 ہزار اپارٹمنٹس کا اعلان کیا گیا جو نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں