اداکار عوامی شخصیت ہوتے ہیں، ملکیت نہیں، مایا علی

اپ ڈیٹ 15 مارچ 2021
اداکاری پر تنقید کو برداشت کیا جا سکتا ہے، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
اداکاری پر تنقید کو برداشت کیا جا سکتا ہے، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

’در شہوار، رنجش ہی سہی، عون زارا، دیار دل، من مایل اور پہلی سی محبت‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کرنے والی مایا علی نے سوشل میڈیا پر اداکاروں کو تنقید کا نشانہ بنانے والے افراد کو پیغام دیا ہے کہ اداکار عوامی شخصیت ضرور ہوتے ہیں مگر عوامی ملکیت نہیں ہوتے۔

مایا علی ساتھی اداکار بلال اشرف کے ساتھ ’ٹائم آؤٹ ود احسن‘ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز سمیت سماجی مسائل پر کھل کر بات کی۔

طویل دورانیے کے شو میں مایا علی اور بلال اشرف نے مختلف سیگمنٹس میں بھی حصہ لیا اور ایک سیگمنٹ میں بلال اشرف نے انکشاف کیا کہ ماہرہ خان کو موبائل پر پیغام بھی کیا جائے تو وہ ایک ہفتے بعد جواب دیتی ہیں لیکن اگر وہ خود صرف ’سنو‘ کا پیغام کردے تو وہ 4 سے 5 گھنٹے بات کر لیتی ہیں۔

میزبان سے بات کرتے ہوئے مایا علی کا کہنا تھا کہ شروع میں جب وہ اداکاری میں آئی تھیں تو ان کا نام خالد عثمان بٹ کے ساتھ جوڑا گیا اور پھر شہریار منور کے ساتھ انہیں جوڑ دیا گیا۔

مایا علی کا کہنا تھا کہ چوں کہ ان کی اور خالد عثمان بٹ کی کیمسٹری ملتی تھی، اسی وجہ سے لوگوں نے ان کا نام جوڑ دیا اور بعد میں جب انہوں نے ’پرے ہٹ لو‘ فلم سمیت دیگر منصوبوں میں شہریار منور کے ساتھ کام کیا تو ان کے ساتھ ان کا نام جوڑا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں جن بھی اداکاروں کے ساتھ کام کیا، ان کے ساتھ ان کی کیمسٹری مل گئی اور ایسے اداکاروں میں بلال اشرف اور علی ظفر بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آج کل مایا علی کیا کررہی ہیں؟

طویل دورانیے کے پروگرام میں دونوں اداکاروں نے شوبز پر بھی کھل کر بات کی اور بلال اشرف نے بتایا کہ فوری طور پر ان کا کوئی فلم پروڈیوس کرنے کا ارادہ نہیں تاہم مستقبل میں وہ ایسا کر سکتے ہیں۔

پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں بلال اشرف سے پوچھا گیا کہ کیا اس سال مایا علی کی شادی کی خبر آئے گی؟ جس پر اداکار نے نفی میں جواب دیا۔

شو میں اداکارہ اور اداکار نے گانوں پر ڈانس بھی کیا—فوٹو: انسٹاگرام
شو میں اداکارہ اور اداکار نے گانوں پر ڈانس بھی کیا—فوٹو: انسٹاگرام

جب یہی سوال مایا علی سے کیا گیا کہ کیا اس سال بلال اشرف کی شادی کی خبر آ سکتی ہے تو اداکارہ ’ہاں‘ میں جواب دیا اور کہا کہ وہ ان کے دوست ہیں اور انہیں ان سے متعلق ہر بات معلوم ہے۔

پروگرام کے دوران مایا علی نے سوشل میڈیا پر شوبز شخصیات کو تنقید کا نشانہ بنانے والے افراد کو خصوصی پیغام دیا کہ ان کی تنقید بعض مرتبہ اداکاروں کے دل پر اثر کرتی ہے، اس لیے تنقید کرنے سے قبل سوچا کریں کہ وہ کیا لکھ رہے ہیں۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ یہ سچ ہے کہ اداکار عوامی شخصیت ہوتے ہیں مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ عوامی ملکیت ہوتے ہیں۔

مایا علی نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی شخصیت اور عوامی ملکیت کے فرق کو سمجھیں اور یہ بھی یاد رکھیں کہ وہ صرف وہی چیز دیکھ رہے ہوتے ہیں، جسے اداکار دکھانا چاہ رہے ہوتے ہیں۔

مایا علی کا کہنا تھا کہ بطور اداکار انہیں کسی کی تنقید پر کوئی اعتراض نہیں مگر بطور شخص انہیں ذاتی تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر اعتراض ہے اور کسی کو کوئی حق نہیں کہ کسی کی ذاتی زندگی میں مداخلت کرے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں