• KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm
  • KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm

برٹنی اسپیئرز والد کی سرپرستی ختم کرانے تیسری بار عدالت پہنچ گئیں

شائع March 18, 2021
اداکارہ پہلے بھی والد کی سرپرستی ختم کرانے کے لیے درخواستیں دے چکی ہیں—فائل فوٹو: اے پی
اداکارہ پہلے بھی والد کی سرپرستی ختم کرانے کے لیے درخواستیں دے چکی ہیں—فائل فوٹو: اے پی

امریکی گلوکارہ، اداکارہ، ڈانسر وپروڈیوسر 39 سالہ برٹنی اسپیئرز نے ایک بار پھر والد کی ’سرپرستی‘ ختم کروانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

برٹنی اسپیئرز کے والد جیمی اسپیئرز 2008 سے اداکارہ کے (conservator) یعنی قانونی طور پر ’سرپرست‘ ہیں اور اداکارہ گزشتہ دو سال سے والد کی مذکورہ حیثیت ختم کروانے کے لیے کوشاں ہیں۔

برٹنی اسپیئرز کے والد کو امریکی عدالت نے 2008 میں اس وقت گلوکارہ کا ’سرپرسٹ‘ مقرر کیا تھا جب کہ اداکارہ کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں تھی اور وہ اپنے فیصلے بھی کرنے کے اہل نہیں تھیں۔

گزشتہ 13 سال سے والد ہی اداکارہ کے تمام معاملات دیکھ رہے ہیں اور برٹنی اسپیئرز والد کی اجازت کے بغیر کوئی کام نہیں کر سکتیں، یہاں تک وہ کسی شو میں پرفارمنس یا کسی مرد سے تعلقات بھی اپنے والد کی مرضی سے استوار کرنے کی پابند ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برٹنی اسپیئرز والد کی سرپرستی ختم کرانے کی خواہاں

ایسی پابندیوں کی وجہ سے ہی برٹنی اسپیئرز نے گزشتہ برس دو بار لاس اینجلس کی عدالت میں والد کی ’سرپرستی‘ ختم کروانے کی درخواستیں دائر کی تھیں مگر دونوں بار ان کی درخواستیں مسترد کردی گئی تھیں۔

تاہم عدالت نے گلوکارہ کی درخواست پر ان کی ’سرپرستی‘ کے معاملات میں تبدیلیاں کرتے ہوئے برٹنی اسپیئرز کی جانب سے بتائے گئے ایک مینیجمنٹ ادارے (Bessemer Trust) کو بھی اداکارہ کا شریک سرپرست بنایا تھا۔

جیمز اسپیئر گلوکارہ کے 2008 سے سرپرست ہیں—فائل فوٹو: اے پی
جیمز اسپیئر گلوکارہ کے 2008 سے سرپرست ہیں—فائل فوٹو: اے پی

تاہم اب برٹنی اسپیئرز نے ایک بار پھر والد کی ’سرپرستی‘ ہمیشہ کے لیے ختم کروانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

خبر رساں ادارے ’رائترز‘ کے مطابق برٹنی اسپیئرز کے وکلا نے لاس اینجلس کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ گلوکارہ کے والد کو ہمیشہ کے لیے ’سرپرستی‘ سے ہٹاکر دوسرے شخص کو ’سرپرست‘ مقرر کیا جائے۔

گلوکارہ نے 2020 میں والد کی سرپرستی ختم کرانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز
گلوکارہ نے 2020 میں والد کی سرپرستی ختم کرانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز

گلوکارہ کی جانب سے درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ اب ان کے ’سرپرست‘ کے طور پر گلوکارہ کے منیجر (Jodi Montgomery) کو ’سرپرست‘ تعینات کیا جائے۔

گلوکارہ کی درخواست پر 17 مارچ کو سماعت ہونی تھی مگر عدالت نے بعض وجوہات پر سماعت کو ایک ماہ تک ملتوی کردیا اور اب مذکورہ کیس کی سماعت اپریل میں ہوگی۔

مزید پڑھیں: برٹنی اسپیئرز کے والد مزید کچھ مدت کیلئے ان کے سرپرست مقرر

گلوکارہ کے وکلا کے مطابق وہ اگلی سماعت میں پیش ہوکر اپنا کیس لڑیں گے اور ان کا کیس کافی مضبوط ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس بار عدالت گلوکارہ کی درخواست کو قبول کرے گی۔

دوسری جانب برٹنی اسپیئرز کے مداحوں نے ’فری برٹنی اسپیئرز‘ مہم کے تحت مظاہرے جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ اب گلوکارہ ذہنی طور پر ٹھیک ہیں، اس لیے انہیں ’سرپرستی‘ کے نظام سے آزاد کیا جائے۔

گلوکارہ کے مداح بھی انہیں آزاد کرنے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
گلوکارہ کے مداح بھی انہیں آزاد کرنے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024