ماضی کی مقبول پاکستانی نژاد امریکی و بھارتی اداکارہ سومی علی نے تہلکہ خیز انکشاف کیا ہے کہ جب وہ بولی وڈ میں کام کرتی تھیں، تب متعدد فلم سازوں نے ان کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کی کوشش کی۔

سومی علی کا شمار 1990 کی مقبول بولی وڈ ہیروئنز میں ہوتا ہے، انہوں نے سلمان خان، سنجے دت، سنیل شیٹھی اور متھن چکرورتی سمیت اس دور کے مقبول ہیروز کے ساتھ فلمیں کیں۔

سومی علی نے تقریبا ایک درجن کے قریب بولی وڈ فلموں میں کام کیا تھا، وہ 1990 سے قبل 16 برس کی عمر میں فلموں میں کام کرنے کے لیے امریکا سے بھارت گئی تھیں۔

سومی علی کی پیدائش پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی، وہ 12 سال کی عمر میں اہل خانہ سمیت کراچی سے امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: بچپن میں استحصال اور 14 سال کی عمر میں ریپ ہوا، سابق اداکارہ سومی علی

بعد ازاں 1990 سے قبل وہ امریکا سے بھارت گئیں، سومی علی نے ڈیڑھ دہائی تک بھارت میں وقت گزارا اور 2000 کے بعد واپس امریکا چلی گئیں اور انہوں نے ’نو مور ٹیئرز‘ نامی این جی او کا بنیاد ڈالا۔

سومی علی سنجے دت، متھن اور سلمان خان جیسے اداکاروں کے ساتھ کام کر چکی ہیں—اسکرین شاٹ
سومی علی سنجے دت، متھن اور سلمان خان جیسے اداکاروں کے ساتھ کام کر چکی ہیں—اسکرین شاٹ

گزشتہ ماہ بھی انہوں نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کا بچپن میں یعنی 5 سال کی عمر میں کراچی میں استحصال ہوا جب کہ 14 برس کی عمر میں امریکا میں ان کا ’ریپ‘ کیا گیا تھا۔

اور اب انہوں نے تازہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ بولی وڈ میں کام کرنے کے دوران متعدد بھارتی فلم سازوں نے ان کے ساتھ جنسی روابط استوار کرنے کی کوشش کی۔

بھارتی شوبز ویب سائٹ ’زوم ٹی وی‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں سومی علی نے بتایا کہ بولی وڈ میں کام کرنے کا ان کا تجربہ اچھا نہیں تھا اور اب وہ کسی بھی حال میں بولی وڈ میں دوبارہ کام نہیں کریں گی۔

سومی علی کے مطابق بولی وڈ انڈسٹری میں کام کے دوران متعدد ہدایت کاروں نے انہیں مختلف انداز سے پریشان کرکے ان کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کی خوب کوشش کی مگر انہوں نے ایسی تمام کوششوں کو ناکام بنایا۔

سومی علی نے کسی بھی بولی وڈ ہدایت کار کا نام لیے بغیر بتایا کہ کئی فلم سازوں نے انہیں پھنسانے کی کوشش کی۔

سومی علی نے اس زمانے میں سلمان خان سے تعلقات اور ان کے گھر میں رہائش سے متعلق بھی کھل کر بات کی اور کہا کہ انہوں نے سلمان خان سے بہت ساری چیزیں سیکھیں۔

سومی علی کا کہنا تھا کہ سلمان خان کے گھر کے دروازے ہر کسی کے لیے کسی بھی مذہبی تفریق کے بغیر کھلے رہتےہیں اور سلمان خان کی والدہ انتہائی اچھی خاتون ہیں۔

انہوں نے اس امکان کو مسترد کیا کہ وہ دوبارہ بولی وڈ میں کام کریں گی۔

سومی علی اس وقت امریکا میں مقیم ہیں اور وہ ریپ اور جنسی استحصال کی شکار خواتین کی مدد کرنے کی ایک سماجی تنظیم چلا رہی ہیں۔

سومی علی نے 1990 کے بعد ریلیز ہونے والی مقبول فلموں’آندولن، مافیا، چھپ، تیسرا کون، آؤ پیار کریں، کھلاڑی، انتھ اور یار غدار‘ جیسی فلموں میں کام کیا۔

سومی علی پر فلمائے گئے مقبول گیتوں میں ’دل تو کھویا ہے، یہی پہ، کہیں پہ، نظر میں تو، جگر میں تو اور تم ہی تم‘ سمیت دیگر گانے شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں