بشریٰ انصاری کا کورونا سے متاثرہ بہن کے نام جذباتی پیغام

اپ ڈیٹ 25 اپريل 2021
سنبل شاہد میں 10 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی—اسکرین شاٹ
سنبل شاہد میں 10 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی—اسکرین شاٹ

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کورونا وائرس سے متاثرہ اپنی بہن سنبل شاہد کے لیے سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔

پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن اور اداکارہ سنبل شاہد کی حالت تشویشناک ہے اور وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔

بشریٰ انصاری نے کورونا سے متاثرہ اپنی بہن کے نام ایک جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔

مزید پڑھیں: بشریٰ انصاری کی بہن کورونا وائرس سے متاثر

انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سنبل شاہد کے ساتھ تصویر شیئر کی اور لکھا کہ 'میری پیاری بہن سنبل شاہد اٹھ جاؤ، ہم پریشان ہیں'۔

بشریٰ انصاری نے مزید لکھا کہ 'جلد ٹھیک ہوجاؤ، خدا کے لیے سنبل ٹھیک ہوجاؤ'۔

خیال رہے کہ بشریٰ انصاری نے 10 اپریل کو اپنی بہن سنبل شاہد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے سے آگاہ کیا تھا۔

بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'میری پیاری بہن سنبل شاہد ان دنوں کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں'۔

انہوں نے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کی بہن کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مزید لکھا تھا کہ 'چار چاند سلامت رہیں آمین'۔

بعدازاں اسما عباس نے 22 اپریل کو فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ان کی حالت بگڑنے سے متعلق بتایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے متاثرہ اداکارہ سنبل شاہد کی حالت تشویشناک

اسما عباس نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'میری پیاری باجی وینٹی لیٹر پر ہیں، برائے مہربانی ان کی صحتیابی کے لیے دعا کریں'۔

اداکارہ اسما عباس نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں سنبل شاہد کی تصویر بھی شیئر کی تھی۔

خیال رہے کہ سال 2020 میں کورونا کی پہلی لہر کے پھیلاؤ سے لے کر اب تک پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔

ان دنوں پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے 5 ہزار 611 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 118 افراد وبا سے انتقال کرگئے۔

ملک میں کورونا کی صورتحال بگڑنے کے پیش نظر پابندیوں میں سختی کردی گئی ہے جبکہ حالات قابو نہ ہونے کی صورت میں لاک ڈاؤن کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں