محکمہ موسمیات نے شوال کا چاند 12 مئی بروز بدھ کو نظر آنے کا امکان نہ ہونے کے برابر قرار دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے جاری بیان کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش 12 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 01 منٹ پر ہوگی۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ 12 مئی یعنی 29 رمضان کو نئے چاند کے نظر آنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ 12 مئی کو ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف ہوگا۔

یعنی اس بار 29 کی بجائے 30 روزوں کا امکان زیادہ ہے اور عید الفطر 14 مئی بروز جمعہ کو ہوسکتی ہے، تاہم اس کا فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا جو 12مئی کو ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز 14 اپریل بروز بدھ کو ہوا تھا۔

13 اپریل کو رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا تھا جس کے بعد چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا اور ملک بھر میں پہلا روزہ بدھ (14 اپریل) کو ہوگا۔

17 سال بعد پہلی بار مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا تھا مگر اس میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے دعوت کے باوجود شرکت نہیں تھی۔

تاہم انہوں نے بھی مسجد قاسم علی خان میں اجلاس کے بعد 14 اپریل کو رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں رمضان کا آغاز 13 اپریل کو ہوا تھا اور ممکنہ طور پر وہاں عیدالفطر 13 مئی کو ہوگی۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے چاند کے معاملے پر تقریباً ہر سال تنازعات سامنے آتے رہے ہیں جہاں پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے ہر سال مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلانات کے برعکس ایک دن قبل ہی چاند دیکھنے کا اعلان کیا جاتا رہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں