دپیکا پڈوکون، والدین اور بہن سمیت کورونا کا شکار

اپ ڈیٹ 05 مئ 2021
دپیکا پڈوکون کے شوہر رنویر سنگھ سے متعلق تاحال کوئی خبر سامنے نہیں آ سکی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دپیکا پڈوکون کے شوہر رنویر سنگھ سے متعلق تاحال کوئی خبر سامنے نہیں آ سکی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون، والدین اور بہن سمیت کورونا کا شکار ہوگئیں جب کہ فوری طور پر اداکارہ کے شوہر رنویر سنگھ سے متعلق کوئی خبر سامنے نہیں آ سکی۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دپیکا پڈوکون حال ہی میں والدین کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے ریاست مہارا شٹر کے شہر ممبئی سے ریاست کرناٹکا کے شہر بنگلورو پہنچی تھیں مگر وہاں وہ وبا کا شکار ہوگئیں۔

دپیکا پڈوکون اپنے شوہر اداکار رنویر سنگھ کے ہمراہ گزشتہ ماہ اپریل کے اختتام پر ممبئی سے بنگلورو منتقل ہوئی تھیں، کیوں کہ ممبئی میں کورونا کیسز بڑھنے پر لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر دپیکا پڈوکون کے والد میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور ساتھ ہی وہ دوسرے انفیکشن سے بھی متاثر ہوگئے تھے، جس کی وجہ سے انہیں ایک ہفتہ قبل ہی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اداکارہ کے قریبی ذرائع نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ اب دپیکا پڈوکون کے والد پرکاش پڈوکون کی حالت بہتر ہو رہی ہے اور انہیں کچھ ہی دن میں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔

والد کے بعد اداکارہ کی والدہ اجالا پڈوکون جب کہ بعد ازاں اداکارہ کی بہن انیشا پڈوکون بھی کورونا کا شکار ہوگئیں، جس کے بعد 4 مئی کو دپیکا پڈوکون میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی۔

دپیکا پڈوکون سمیت ان کی والدہ اور بہن گھر میں ہی ہیں تاہم اداکارہ کے والد کو طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی حالت اب بہتر بتائی جا رہی ہے۔

دپیکا پڈوکون کے والدین اور بہن کے علاوہ بھی متعدد بھارتی اداکاروں کے اہل خانہ کورونا کا شکار ہوچکے ہیں اور اس وقت بھارت کو بدترین صورتحال کا سامنا ہے۔

بھارت میں اپریل کے اختتام سے لے کر اب تک یومیہ تین سے ساڑھے تین لاکھ نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی یومیہ تعداد بھی ڈھائی سے ساڑھے تین ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

بھارت میں مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 2 کروڑ سے زائد جب کہ اموات کی تعداد 2 لاکھ 26 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

بھارت کے کئی شہروں میں مثبت کیسز کی شرح 50 فیصد سے بھی زائد ہوچکی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں