کراچی ضمنی انتخاب: دوبارہ گنتی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار پھر فاتح قرار

اپ ڈیٹ 09 مئ 2021
مفتاح اسمعیل کی درخواست پر ای سی پی نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا—فوٹو: بشکریہ فیس بک
مفتاح اسمعیل کی درخواست پر ای سی پی نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا—فوٹو: بشکریہ فیس بک

کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے حلقہ این اے 249 کے 276 پولنگ اسٹیشنز پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل کرلیا جس میں پیپلز پارٹی کے اُمیدوار ایک مرتبہ پھر فاتح قرار پائے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 29 اپریل کو پولنگ کے دن پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل نے 16 ہزار 106 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ عارضی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے مفتاح اسمٰعیل نے 15 ہزار 473 ووٹ حاصل کیے تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی ضمنی انتخاب: الیکشن کمیشن نے حمتی نتیجے کا اجرا روک دیا

مفتاح اسمٰعیل کی درخواست پر ای سی پی نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔

ابتدا میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے اُمیدواروں نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کیا جبکہ پیپلز پارٹی اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے امیدواروں سمیت 8 دیگر امیدواروں نے اس عمل میں حصہ لیا۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق مجموعی طور پر 3 ہزار 162 ووٹ مسترد ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: این اے-249 ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل کامیاب

نتائج سے پتا چلتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کو 15 ہزار 656، مسلم لیگ (ن) کو 14 ہزار 747، ٹی ایل پی کے نذیر کو 10 ہزار 668، پی ایس پی کے مصطفیٰ کمال کو 8 ہزار 728، پی ٹی آئی کے امجد آفریدی کو 8 ہزار 681 ووٹ، ایم کیو ایم پی کے حافظ مرسلین کو 7 ہزار 7 ووٹ ملے۔

اس سے قبل ، پی پی پی کے امیدوار نے 633 ووٹوں کے فرق سے یہ نشست جیت لی تھی لیکن دوبارہ گنتی میں ان کی کامیابی کا مارجن بڑھ کر 909 ہو گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے ووٹس میں 273 کا مزید اضافہ ہوا۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 9 مئی 2021 کو شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں