’پاوری گرل‘ کی آواز میں 'مصطفیٰ جان رحمت' لوگوں کو بھا گیا

اپ ڈیٹ 11 مئ 2021
دنانیر مبین کی تعریفیں کی جا رہی ہیں—اسکرین شاٹ
دنانیر مبین کی تعریفیں کی جا رہی ہیں—اسکرین شاٹ

رواں برس کے آغاز میں سوشل میڈیا پر محض 5 سیکنڈز کی ویڈیو ’پاوری ہو رہی ہے‘ وائرل ہونے کے بعد اسٹار بن جانے والی دنانیر مبین کی جانب سے شیئر کیے گئے کلام 'مصطفیٰ جان رحمت' کو سراہا جا رہا ہے۔

دنانیر مبین نے رواں برس 6 فروری کو انسٹاگرام پر یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں ہماری ’پاوری‘ ہو رہی ہے‘ کہنے کی ویڈیو شیئر کی تھی، جو دنیا بھر میں مقبول ہوگئی تھی۔

مذکورہ مختصر ویڈیو کے بعد دنانیر مبین کے سوشل میڈیا پر فالوورز کی تعداد بھی بڑھ کر 14 لاکھ تک ہوگئی تھی اور انہیں مختلف ٹی وی پروگرامات میں بھی دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وائرل ویڈیو ’ہماری پاوری ہو رہی‘ کے دیس پردیس میں چرچے

مختصر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دنانیر مبین کو ’پاوری گرل‘ کا نام دیا گیا تھا اور وہ متعدد اداکاروں کے ساتھ مختلف منصوبوں میں دکھائی دیں۔

اب انہوں نے انسٹاگرام پر حال ہی میں نامور گلوکار عاطف اسلم کی جانب سے جاری کیے گئے کلام 'مصطفیٰ جان رحمت' کو اپنی آواز میں گانے کی ویڈیو شیئر کی ہے، جسے کافی سراہا جا رہا ہے۔

دنانیر مبین نے انسٹاگرام پر کلام کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عاطف اسلم کو بھی پوسٹ میں مینشن کیا اور ساتھ ہی لکھا کہ وہ لیلۃ القدر کی مقدس رات میں عاجزانہ کلام پڑھنے کی کوشش کر رہی ہیں اور اگر اس دوران ان سے کوئی غلطی ہوجائے تو اسے معاف کردیا جائے۔

مزید پڑھیں: عاطف اسلم کا مداحوں کے لیے رمضان کا تحفہ

دنانیر کی جانب سے عاجزانہ کلام کو شیئر کیے جانے کے بعد اداکارہ ہانیہ عامر اور عاشر وجاہت سمیت دیگر شخصیات نے بھی ان کی تعریف کی جب کہ مداحوں نے بھی ان کی آواز کی تعریف کی۔

محض ایک دن میں دنانیر کے کلام کی ویڈیو کو 5 لاکھ کے قریب بار دیکھا گیا جب کہ ان کی پر درجنوں افراد نے تعریفی کمنٹس کیے۔

دنانیر مبین نے عاطف اسلم کے جس کلام 'مصطفیٰ جان رحمت' کو گایا، اسے گلوکار نے حال ہی میں جاری کیا تھا۔

عاطف اسلم نے 'مصطفیٰ جان رحمت' کو دیگر پانچ گلوکاروں کے ہمراہ خوبصورت انداز میں گایا ہے اور اسے اپریل کے وسط میں ماہ رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا۔

عاطف اسلم کے ساتھ علی پرویز مہدی، نعمان جاوید، احسن پرویز مہدی اور کمیل جعفری نے مذکورہ کلام کو پڑھا تھا جب کہ کلام لوگوں کو بہت زیادہ پسند آیا اور سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بھی رہا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں