پکاسو کی پینٹنگ ریکارڈ 15 ارب روپے میں فروخت

یہ پکاسو کی پانچویں پینٹنگ ہے جسے 10 کروڑ ڈالر سے زائد  میں نیلام کیا گیا—فوٹو: اے ایف پی
یہ پکاسو کی پانچویں پینٹنگ ہے جسے 10 کروڑ ڈالر سے زائد میں نیلام کیا گیا—فوٹو: اے ایف پی

معروف مصور پابلو پکاسو کی آئل پینٹنگ کو 10 کروڑ 34 لاکھ ڈالرز ( 15 ارب 22 کروڑ پاکستانی روپے) میں نیویارک میں فروخت کردیا گیا۔

برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق اس پینٹنگ کی قیمتِ خرید نے اس کی قیمت کےساڑھے 5 کروڑ ڈالر کے اندازے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

10 کروڑ 30 لاکھ ڈالر میں خریدی جانے والی اس پینٹنگ میں ایک عورت (میری تھریسے والٹر) کو کھڑکی کے قریب بییٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: پکاسو کی پینٹنگ 17 کروڑ39لاکھ ڈالر میں نیلام

کرسٹیز لندن کے ماڈرن آرٹ ڈپارٹمنٹ کی سربراہ نے کیتھ گل نے کہا کہ آرٹ کے شوقین شاید 2018 میں ہونے والی پکاسو 1932 نمائش کے باعث اس فن پارے سے واقف ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ ایک آئیکونک تصویر ہے اور 2013 سے اسے نیلامی میں نہیں دیکھا گیا'۔

کیتھ گل نے کہا کہ میری تھریسے کے پورٹریٹ کو خاص طو رپر 1932سے بہت زیادہ پذیرائی ملتی رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ساڑھے 4 ارب روپے کی پینٹنگ خراب کرنے والے شخص کو جیل بھیج دیا گیا

کرسٹیز کے مطابق کافی دیر تک جاری رہنے والی بولی کے بعد اس پینٹنگ کو کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے شخص نے آن لائن شرکت کے دوران خریدا۔

اس نیلامی کو راک فیلر سینٹر سے لائیو اسٹریم کیا گیا تھا اور یہ ہسپانوی مصور پکاسو کی پانچویں پینٹنگ ہے جسے 10 کروڑ ڈالر سے زائد رقم میں نیلام کیا گیا۔

اس پینٹنگ سے قبل 2015 میں پکاسو کی ایک اور پینٹنگ 17 کروڑ ڈالرز سے زائد میں فروخت ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں