بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے میں مددگار یہ عادت اپنالیں

شائع June 3, 2021 اپ ڈیٹ June 3, 2021 10:25pm
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

اگر آپ کا بلڈ پریشر معمولی سے معتدل حد تک بڑھ چکا ہے تو ادویات کی بجائے کم بیٹھنے اور زیادہ متحرک رہنا عادت بنالیں۔

جی ہاں کم بیٹھنا اور جسمانی طور پر زیادہ متحرک رہنا معمولی سے معتدل حد تک بڑھ جانے والے بلڈ پریشر اور بلڈ کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھنے کا پہلا علاج ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

پٹسبرگ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی طور پر متحرک ہونا ایسے صحت مند افراد کے لیے مثالی ابتدائی علاج ہے جن کا کولیسٹرول اور بلڈ پریشر معمولی سے متعدل حد تک بڑھ چکا ہو۔

تحقیق کے مطابق اس طرح وہ افراد بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کے نتیجے میں دل کی شریانوں کو ہونے والے نقصان کا خطرہ کم کرسکتے ہیں۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ یہ علاج کی پہلی حکمت عملی ہے جس میں بیشتر مریضوں کو طرز زندگی میں جسمانی سرگرمیوں کو بڑھا کر صحت مند تبدیلیاں لانے پر زور دیا جاتا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں بھی کروڑوں افراد کو ہائی بلڈ پریشر کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں امراض قلب، ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ جسمانی سرگرمیوں کو بڑھا کر بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کم رکھنے میں مدد ملتی ہے جبکہ دیگر طبی فوائد بھی جسم کو حاصل ہوتے ہیں جیسے موٹاپے سے بچاؤ اور ذیابیطس سے تحفظ بھی ملتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جسمانی سرگرمیوں کے دل کی شریانوں پر مثبت اثرات تو مرتب ہوتے ہی ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ چند اقسام کے کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے، ہڈیوں، دماغ اور ذہن کی صحت بہتر ہوتی ہے جبکہ نیند کا معیار بھی اچھا ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق جسمانی سرگرمیوں میں اضافے سے بلڈ پریشر میں نمایاں حد تک کمی آتی ہے جبکہ بلڈ کولیسٹرول میں بھی بہتری آتی ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ جسمانی طور پر سرگرم افراد میں دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ 21 فیصد اور ان سے موت کا امکان 36 فیصد تک کم ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کی جانب سے ایک ہفتے میں 150 منٹ کی معتدل جسمانی سرگرمیاں جیسے تیز چہل قدمی یا 75 منٹ کی سخت ورزش کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

مگر محققین کا کہنا تھا کہ جسمانی سرگرمیوں سے فوائد حاص کرنے کا کوئی وقت بھی کم نہیں، ہر معمولی سرگرمی کچھ نہ ہونے سے بہتر ہے، یہاں تک کہ دن بھر میں 5 سے 10 منٹ کی ورزش بھی صحت کے لیے مفید ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل ہائپرٹینشن میں شائع ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 24 اپریل 2026
کارٹون : 23 اپریل 2026