عمدہ کارکردگی پر حسن علی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد

08 جون 2021
حسن علی کو مئی کے مہینے میں زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی پر اس اعزاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
حسن علی کو مئی کے مہینے میں زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی پر اس اعزاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے قومی فاسٹ باؤلر حسن علی کو مئی کے لیے نامزد بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے ہر ماہ چند کھلاڑیوں کو بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جاتا ہے اور اسی سلسلے میں مئی کے لیے چند کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

آئی سی سی نے مئی کے لیے اعلان کردہ مینز پلیئر آف دی منتھ کے لیے پاکستان کے حسن علی، سری لنکا کے جے وکرما اور بنگلہ دیش کے مشفیق الرحیم کو نامزد کیا ہے۔

حسن علی نے مئی میں زمبابوے کے خلاف دو ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8.92 کی اوسط سے 14 وکٹیں حاصل کیں اور اسی کارکردگی کی وجہ سے انہیں آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ کے لیے اسکاٹ لینڈ کی آل راؤنڈر کیتھرین برائس اور آئرلینڈ کی گیبی لیوئس کو نامزد کیا گیا ہے۔

شائقین کے ساتھ کرکٹ ماہرین کا پینل ووٹنگ کے ذریعے مئی کے مہینے کے لیے بہترین کھلاڑی کا انتخاب کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حسن، شاہین اور نعمان کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کرنے میں کامیاب

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں تمام فارمیٹس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور شائقین کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی نے اپریل کے مہینے کے لیے بابر اعظم کو بہترین کھلاڑی منتخب کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں