اکشے کمار نے فلم کا معاوضہ کم لینے کی خبروں کو مسترد کردیا

بیل بوٹم کو اپریل میں ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وجہ سے اس کی ریلیز ملتوی کردی گئی—اسکرین شاٹ
بیل بوٹم کو اپریل میں ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وجہ سے اس کی ریلیز ملتوی کردی گئی—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار نے کورونا کی وجہ سے فلم کا معاوضہ کم لینے کی خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا۔

خبریں تھیں کہ کورونا کی وجہ سے جہاں ان کی آنے والی میگا بجٹ اسپائے تھرلر فلم ’بیل بوٹم‘ کی ریلیز تاخیر کا شکار ہے، وہیں فلم سازوں نے ان سے وبا کی وجہ سے فیس میں کچھ کمی کی درخواست کی تھی۔

شوبز ویب سائٹ بولی وڈ ہنگامہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اکشے کمار نے فلم پروڈیوسر وشو بھگنانی کی درخوست پر اپنی فیس میں 30 کروڑ روپے تک کمی کردی۔

رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ اکشے کمار اسپائے تھرلر فلم ’بیل بوٹم‘ میں کام کے لیے فلم سازوں سے 40 یا 50 کروڑ روپے نہیں بلکہ پورے 117 کروڑ روپے یعنی سوا ارب روپے سے زیادہ کی فیس وصول کریں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کورونا کی وجہ سے فلم کی ریلیز میں تاخیر اور دیگر نقصانات کی وجہ سے پروڈیوسر نے اکشے کمار سے فلم کی فیس کی مد میں 30 کروڑ روپے کمی کی درخواست کی تھی، جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

تاہم اب اکشے کمار نے مذکورہ خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا۔

اکشے کمار نے بولی وڈ ہنگامہ کی خبر کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے 30 کروڑ روپے کی کمی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا۔

اسی حوالے سے انڈین ایکسپریس نے بتایا کہ اگرچہ اکشے کمار نے فیس میں کمی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ فلم میں کام کے لیے کتنا معاوضہ لیں گے؟

عام طور پر اکشے کمار 30 سے 50 کروڑ روپے فلم کی فیس وصول کرتے ہیں، تاہم گزشتہ چند سال میں اپنی فلموں کی کامیابی کی وجہ سے انہوں نے فیس میں خاطر خواہ اضافہ بھی کیا ہے۔

خبریں ہیں کہ اکشے کمار ’بیل بوٹم‘ کے لیے سوا ارب روپے سے زیادہ کی رقم فیس وصول کریں گے، اگر ایسا ہوا تو وہ ریکارڈ معاوضہ لینے والے اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوجائیں گے۔

اکشے کمار سے قبل اگرچہ بولی وڈ پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی فلموں سے 3 سے 4 ارب روپے تک کمائی کی ہے، تاہم وہ فیس کی مد میں اتنی زیادہ رقم نہیں لیتے۔

جاسوس ایکشن تھرلر فلم کو اب رواں سال کے اختتام تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے
جاسوس ایکشن تھرلر فلم کو اب رواں سال کے اختتام تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے

عامر خان اور سلمان خان جیسے اداکار عام طور پر فلموں کی کمائی میں سے کچھ حصہ لیتے ہیں، جس وجہ سے ان کی ایک فلم کی کمائی اربوں روپے تک چلی جاتی ہے۔

عامر خان نے سب سے زیادہ کمائی ’دنگل، سیکریٹ سپر اسٹار، پی کے، دھوم تھری اور تھری ایڈیٹس‘ جیسی فلموں سے کی ہے، جب کہ سلمان خان نے ’بجرنگی بھائی جان، سطلان اور ٹائیگر‘ جیسی فلموں سے زیادہ کمائی کی۔

اکشے کمار کی چند فلمیں بھی 200 کروڑ روپے تک کمائی کرنے میں کامیاب ہو چکی ہیں، تاہم وہ فلموں کی کمائی سے حصہ لینے کے بجائے بھاری معاوضہ وصول کرتے ہیں اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق وہ سب سے زیادہ معاوضہ ’بیل بوٹم‘ کے لیے ہی لے رہے ہیں۔

’بیل بوٹم‘ میں اکشے کمار کے ساتھ ہما قریشی، وانی کپور اور لارا دتہ سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

فلم کی ہدایات رنجت تواری نے دی ہے جب کہ فلم کی کہانی اسیم اروڑا اور پرویز شیخ نے لکھی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں