ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والی امریکی اداکارہ لیزا بینز ہلاک

اپ ڈیٹ 16 جون 2021
65 سالہ لیزا بینز کو 4 جون کو سڑک پار کرتے ہوئے اسکوٹر یا موٹرسائیکل نے ٹکر ماری تھی—فائل فوٹو: اے پی
65 سالہ لیزا بینز کو 4 جون کو سڑک پار کرتے ہوئے اسکوٹر یا موٹرسائیکل نے ٹکر ماری تھی—فائل فوٹو: اے پی

امریکی فلم 'گون گرل' میں کردار ادا کرنے والی اداکارہ لیزا بینز نیویارک میں ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے 10 روز بعد انتقال کرگئیں۔

خبر رساں ادارے 'اے پی' کی رپورٹ کے مطابق محکمہ پولیس کے ترجمان نے کہا کہ 65 سالہ لیزا بینز، جنہیں 4 جون کو سڑک پار کرتے ہوئے اسکوٹر یا موٹر سائیکل نے ٹکر ماری تھی، 14 جون بروز پیر کو ماؤنٹ سنائی مارننگ سائیڈ ہسپتال میں انتقال کرگئیں۔

لیزا بینز 2014 میں 'گون گرل'، 1988 میں ٹام کروز کے ساتھ 'کاک ٹیل' سمیت متعدد ٹی وی شوز اور فلموں کا حصہ بنی تھیں۔

ٹی وی پر انہوں نے 'نیشول'،'میڈم سیکریٹری' اور 'این سی آئی ایس' میں اداکاری کی تھی۔

انہوں نے باقاعدگی سے اسٹیج پر کام کیا، جس میں 1988 میں نیل سائمن کے پلے 'ریومرز'، 1998 میں میوزیکل 'ہائی سوسائٹی' اور 2010 میں نوول کاورڈ کے پلے 'پریزنٹ لافٹر' میں اداکاری کی تھی۔

ان کے منیجر ڈیویڈ ولیمز نے کہا کہ لیزا بینز، ایمسٹرڈیم ایونیو پار کرتے ہوئے اس وقت حادثے کا شکار ہوئیں جب وہ اپنے الما میٹر، جولیارڈ اسکول جارہی تھیں۔

لیزا بینز لاس اینجلس میں رہائش پذیر تھیں، ان کی موت پر ان کے دوستوں اور ساتھیوں نے دکھ کا اظہار کیا۔

تاہم پولیس کی جانب سے اس ٹریفک حادثے سے متعلق اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

تبصرے (0) بند ہیں