ہم مقبول ہیں، اس لیے لوگ ہمیں خوش نہیں دیکھنا چاہتے، بشریٰ انصاری

اپ ڈیٹ 05 جولائ 2021
اذان سمیع کے ساتھ ڈانس پرفارمنس پر بشریٰ انصاری پر شدید تنقید کی گئی—اسکرین شاٹ
اذان سمیع کے ساتھ ڈانس پرفارمنس پر بشریٰ انصاری پر شدید تنقید کی گئی—اسکرین شاٹ

پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے گلوکار اذان سمیع خان کے ہمراہ ڈانس کی ویڈیو سے متعلق صارفین کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ ہمیں صرف ناخوش دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ ہم مقبول ہیں۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک مہندی کی تقریب میں ماہرہ خان، کبریٰ خان اور دیگر کئی شوبز شخصیات کی ڈانس ویڈیوز گردش کررہی تھیں۔

ان میں سے ایک ویڈیو بشریٰ انصاری کی بھی تھی جس میں وہ زیبا بختیار اور عدنان سمیع خان کے بیٹے اذان سمیع کے ساتھ ڈانس پرفارمنس کرتی ہوئی نظر آئیں۔

مزید پڑھیں: شادی کی تقریب میں بشریٰ انصاری، ماہرہ خان اور سجل علی کا ڈانس، ویڈیوز وائرل

اس ویڈیو پر بعدازاں بشریٰ انصاری کو صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اب سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید کے بعد اداکارہ بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک طویل پوسٹ میں ناقدین کو جواب دیا ہے۔

اپنی پوسٹ میں کچھ اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں بشریٰ انصاری نے لکھا کہ میں گزشتہ 3 ماہ سے انتہائی دکھ میں مبتلا تھی اور یہ نقصان ہمارے دلوں میں آخری سانس تک رہے گا۔

سینئر اداکارہ نے لکھا کہ ’دو روز قبل ایک فیملی میں ڈھولکی تھی اور میرے سارے دوست مجھ سے اصرار کررہے تھے کہ میں اپنی پریشانی اور دکھ سے نکلوں‘۔

اداکارہ نے لکھا کہ یہ ڈائریکٹر سلطانہ صدیقی کے پہلے پوتے کی تقریب تھی اور وہ میرے لیے بڑی بہنوں اور ماں جیسی ہیں، میں نے صرف ان کی خوشی میں شرکت کی خاطر 2 منٹ کے لیے اپنے بیٹے (گلوکار) اذان سمیع کے ہمراہ ڈانس کیا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ہم ٹی وی فیملی کے پہلے پوتے کی شادی ہے جو چینل کی بانی سلطانہ صدیقی کے لیے بہت خاص ہے اور وہ ایک ماں، بڑی بہن اور رہنما کی طرح ہیں۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں نے صرف ان کی ’خوشی ‘ کا حصہ بننے کی کوشش کی اور اپنے بیٹے (گلوکار) اذان کے ساتھ ان کی خوشی میں شریک ہوتے ہوئے 2 منٹ کے لیے ڈانس کیا لیکن لوگوں کو ردعمل دیکھ کر دکھ ہوا۔

سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’وہ (لوگ) ہمیں صرف ناخوش دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ ہم مقبول ہیں اور خاص طور پر جب آپ عمر رسیدہ ہوچکے ہوں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں آپ لوگوں کو بتارہی ہوں کہ یہ زندگی کا لطف اٹھانے کی بہترین عمر ہےجب آپ اپنی تمام تر ذمہ داریاں ادا کرچکے ہوتے ہیں، الحمداللہ میری عمر 60 سال سے زائد ہے اور مجھے اس پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے لہذا بڑوں کو یہ بتانا ان کی عمر ہوچکی ہے اور انہیں خوش رہنے کا کوئی حق نہیں ہے،یہ انتہائی بیکار طریقہ ہے۔

یہ بھی پڑٖھیں: بشریٰ انصاری کے بعد جنت مرزا نے بھی ان سے معذرت کرلی

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ میری سمجھ سے باہر ہے کہ بچے کیوں عمر رسیدہ لوگوں سے خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں، اگر صرف بوڑھا ہونا مسئلہ ہے تو یا اپنی سوچ بدلیں یا اپنے والدین کے ساتھ بھی ویسا رویہ رکھیں۔

انہوں نے کہا میں کسی نامعلوم ٹرولر کو جواب دہ نہیں ہوں کیونکہ وہ تو کسی کو حجاب پہننے کے بعد بھی نہیں بخشتے لہذا لوگوں کو دکھ دینا بند کریں اسلام میں اس کی اجازت نہیں ہے۔

ٹک ٹاکر جنت مرزا سے تلخ جملوں کے تبادلے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ اسلام سے متعلق میرا کمنٹ صرف دیگر مذاہب کے احترام کے حوالے سے تھا، اللہ معاف کرے اگر کوئی ہمارے مذہب کے ساتھ ایسا کرے تو، ہمارے بچوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ’کراس‘ (صلیب) کا کیا مطلب ہے۔

—بشریٰ انصاری کی ڈیلیٹ کردہ پوسٹ کا عکس
—بشریٰ انصاری کی ڈیلیٹ کردہ پوسٹ کا عکس

خیال رہے کہ رواں برس جون میں بشریٰ انصاری نے جنت مرزا پر ایک مختصر ویڈیو میں مسیحی افراد کی دل آزاری کرنے پر تنقید کی تھی اور ٹک ٹاک اسٹار کو ’جاہل‘ اور ’اسلامی تعلیمات‘ سے بے خبر قرار دیا تھا۔

بشریٰ انصاری نے جنت مرزا کے خلاف اس وقت پوسٹ کی تھی، جب ٹک ٹاکر کی ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے غیر دانستہ طور پر مسیحی افراد کے جذبات مجروح کیے تھے۔

جنت مرزا کی ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے مسیحیوں کی مذہبی علامت ’صلیب‘ کی طرز پر بنا ایک لاکٹ پہن رکھا تھا، جس پر بعد ازاں مسیحی افراد نے ان کے خلاف پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس کو مذہبی جذبات مجروح کرنے کی درخوست بھی دی تھی۔

مزید پڑھیں: جنت مرزا، بشریٰ انصاری کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ، معاملہ کیا ہے؟

مسیحی افراد کی جانب سے جذبات مجروح کرنے کے الزامات لگائے جانے کے بعد جنت مرزا نے مذکورہ واقعے پر معافی بھی مانگی تھی لیکن بعد ازاں سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ٹک ٹاکر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے لیے کہا تھا کہ انہیں نہ تو اسلام کا پتا ہے اور نہ ہی دیگر مذاہب کا علم ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بشریٰ انصاری کی تنقید کے بعد جنت مرزا اور ان کی بہن ٹک ٹاک اسٹار علیشبہ انجم نے بھی اداکارہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’آنٹی، اماں جی اور جاہل‘ جیسے الفاظ سے پکارا تھا۔

ٹک ٹاک اسٹارز کی جانب سے سخت تنقید کے بعد بشریٰ انصاری نے ان کے لیے پوسٹ کرتے ہوئے انہیں تجویز دی کہ بچوں کو بزرگ افراد کا احترام کرنا چاہیے، چاہے بزرگ افراد غلط ہی کیوں نہ ہوں۔

بعدازاں سینئر اداکارہ کی جانب سے معافی مانگے جانے اور وضاحت کیے جانے کے بعد جنت مرزا نے بھی اپنے الفاظ پر معذرت کرتے ہوئے بشریٰ انصاری سے معافی مانگ لی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں