ایمن سلیم کا اداکاری سے کنارہ کشی کا اعلان

اپ ڈیٹ 06 جولائ 2021
ایمن سلیم نے اپنے فیصلے کی وجہ نہیں بتائی—فوٹو: انسٹاگرام
ایمن سلیم نے اپنے فیصلے کی وجہ نہیں بتائی—فوٹو: انسٹاگرام

اپنے پہلے ہی ڈرامے سے مقبولیت پانے والی پاکستان کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ایمن سلیم نے اداکاری سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا۔

اداکارہ ایمن سلیم نے اپنے شوبز کیریئر سے متعلق مذکورہ اعلان انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک اسٹوری کے ذریعے کیا۔

اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایمن سلیم نے مداحوں کو بتایا کہ وہ اب مزید اداکاری نہیں کریں گی۔

انسٹا اسٹوری میں اداکارہ ایمن سلیم نے لکھا کہ ’میں یہ بتانا چاہتی ہوں کہ اب میں مزید اداکاری نہیں کروں گی‘۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

اداکارہ ایمن سلیم نے مزید لکھا کہ ’مجھے شوبز انڈسٹری سے بہت محبت ہے اور میں اس کا بہت احترام کرتی ہوں اور انشااللہ انڈسٹری سے جڑی رہوں گی‘۔

انہوں نے مداحوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل کے فیصلے سے بھی آگاہ کریں گی۔

تاہم ایمن سلیم نے اپنے ڈیبیو ڈرامے میں بے حد مقبولیت کے بعد اچانک اداکاری سے کنارہ کشی کے فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

خیال رہے کہ پاکستان کے سابق کرکٹر سلیم یوسف کی صاحبزادی اور رشتے میں پاکستان کی سابق پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی بھانجی، ایمن سلیم نے رواں برس اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔

اداکارہ ایمن سلیم نے نجی چینل ہم ٹی وی پر رمضان اسپیشل ڈرامے ’چپکے چپکے’ سے ڈیبیو کیا تھا جو مداحوں میں بہت زیادہ مقبول بھی ہوا۔

رواں برس اپریل اور مئی کے مہینے میں نشر ہونے والے اس ڈرامے میں ایمن سلیم نے رمیشا عرف مشی نامی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔

علاوہ ازیں ’چپکے چپکے‘ میں مداحوں کو ایمن سلیم اور ارسلان نصیر کی ’مشی اور ہادی‘ کی جوڑی بھی بہت بھائی تھی۔

یہی نہیں بلکہ عید کے بعد دونوں اداکاروں نے کپڑوں کے معروف برانڈ سو کمال کا ایک ایڈ بھی کیا تھا اور بعدازاں ایمن سلیم، عاصم جوفا سمیت مختلف برانڈز کی ماڈلنگ کرتی ہوئی بھی نظر آئی تھیں۔

واضح رہے کہ اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے سے پہلے ایمن سلیم نے لگ بھگ ایک دہائی قبل ایک منفرد عالمی ریکارڈ بھی بنایا تھا۔

انہوں نے 2010 میں اسمارٹ کار میں لڑکیوں کی زیادہ تعداد کے بیٹھنے کا ریکارڈ توڑا تھا، انہوں نے اپنی اے لیولز کی دوستوں کے ساتھ مل کر عالمی ریکارڈ توڑا تھا۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ان کے ڈیبیو کے بعد ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھیں جس میں ایمن سلیم نے معروف کامیڈین عمر شریف کے پروگرام ’دی شریف شو‘ میں شرکت کی تھی۔

ویڈیو میں عمر شریف سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ ایمن سلیم نے بتایا تھا کہ وہ گنیز بک آف ورلڈ کا عالمی ریکارڈ توڑ چکی ہیں، یہ ایک ایسا عالمی ریکارڈ تھا جس میں 18 افراد ایک ساتھ 5 سیکنڈز کے لیے اسمارٹ کار میں بیٹھے تھے۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ جب انہوں نے یہ عالمی ریکارڈ دیکھا تو اس ریکارڈ کو توڑنے کا سوچا اور پھر 18 لڑکیاں جمع کیں اور ان 18 لڑکیوں کے ساتھ اسمارٹ کار میں 10 سیکنڈز تک بیٹھی تھی۔

اداکارہ نے بتایا ک پچھلے ریکارڈ میں 18 افراد تھے جبکہ ایمن سلیم نے جو ریکارڈ قائم کیا اس میں 19 لڑکیاں تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں