ذاتی طور پر’عریانیت‘ کو پسند نہیں کرتی، رابعہ بٹ

اپ ڈیٹ 13 جولائ 2021
اداکارہ نے تسلیم کیا کہ ماضی میں وہ خود بھی بولڈ لباس پہنتی رہی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے تسلیم کیا کہ ماضی میں وہ خود بھی بولڈ لباس پہنتی رہی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ رابعہ بٹ کا کہنا ہے کہ وہ ذاتی طور پر ’عریانیت‘ کے خلاف ہیں اور ایسی چیزوں کو پسند نہیں کرتیں۔

ماضی میں فیشن شوز کی ریمپ پر واک کرکے بولڈ لباس پہننے والی ماڈل نے ’سم تھنگ ہاٹ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ان سے بھی غلطیاں ہوئیں اور انہوں نے بھی مختصر لباس پہنا مگر اس وقت انہیں ایسی باتوں کی سمجھ نہیں تھی۔

رابعہ بٹ نے خصوصی انٹرویو میں نہ صرف ماڈلنگ کی چمکتی دمکتی دنیا پر بات کی بلکہ انہوں نے شوبز انڈسٹری، معاشرے میں پھیلنے والی بے حیائی، سماجی مسائل اور افیئرز کی وجہ سے شادیوں کے ٹوٹنے جیسے معاملات پر بھی بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی نظر میں زندگی اپنے رشتے داروں، دوستوں اور جان پہچان والوں کا خیال رکھنا اور لوگوں کو خوشیاں فراہم کرنا ہے۔

اداکارہ نے قدرے فلسفیانہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بچپن سے ہی ماڈلنگ کرنے کا شوق تھا اور انہیں نہیں معلوم کہ وہ کب اور کیسے بڑی ماڈل بن گئیں اور اپنے اہل خانہ کی کفالت کیلئے ماڈلنگ کرنے لگیں۔

رابعہ بٹ کے مطابق کیریئر کو بہتر بنانے کی کچھ مجبوریاں ہوتی ہیں اور کسی مقام پر پہنچنے کے لیے لوگوں کو بہت سارے ایسے کام بھی کرنے پڑتے ہیں، جنہیں نہیں کرنا چاہیے۔

اگرچہ اداکارہ نے کہا کہ بعض مجبوریوں کے تحت کیریئر بنانے کے لیے غلط کام بھی کرنے پڑتے ہیں، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کون سے کام مجبوراً کیے؟

اداکارہ نے نیم عریاں لباس پہنے جانے کے سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ مذکورہ معاملے پر ایسا سچ نہیں بولیں گی جو لوگوں کی تکلیف کا باعث بنے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ رابعہ بٹ 2 ڈراموں کی شوٹنگ میں مصروف

رابعہ بٹ نے حالیہ ’ہم اسٹائل ایوارڈز‘ شو کے تناظر میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ کون ہوتی ہیں ماڈلز کے لباس پر بات کرنے والی؟ کیوں کہ ماضی میں وہ خود بھی ایسا لباس پہن چکی ہیں۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ جب انہوں نے ماڈلنگ کے دوران بولڈ لباس پہنا، تب انہیں ایسی باتوں کا علم نہیں تھا مگر اب وہ ایسی باتوں کو سمجھ چکی ہیں اور جو آج کی ماڈلز ایسا لباس پہن رہی ہیں وہ بھی ایک دن سمجھ جائیں گی۔

رابعہ بٹ نے اسی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی طور پر عریانیت کے حق میں نہیں ہیں اور وہ ایسی کسی چیز کی توثیق نہیں کریں گی جو کوئی خاتون اپنے اہل خانہ کا سامنا نہ کر سکے۔

اداکارہ نے کہا کہ ہر وہ چیز غلط ہے، جسے اپنے اہل خانہ کے ساتھ بیٹھ کر نہ دیکھا جا سکتا ہے اور نہ کیا جاسکتا ہے۔

رابعہ بٹ کے مطابق اب وہ زمانہ آگیا ہے کہ وہ ماڈلز کے علاوہ گلی محلوں میں بھی عام لڑکیوں اور خواتین کو بولڈ لباس پہنے ہوئے دیکھتی ہیں اور یہ بات بھی غلط ہے کہ اگر کوئی لڑکی والدین کے سامنے بولڈ لباس پہن رہی ہے تو وہ قابل قبول ہوگا۔

اداکارہ نے بولڈ لباس کے معاملے کو بے حیائی سے جوڑنے کے معاملے پر کہا کہ مانا کہ ’بے حیاتی‘ بہت بڑا عنصر ہے مگر اس کے علاوہ بھی معاشرے میں 101 چیزیں ہو رہی ہیں، جنہیں ٹھیک کرنے اور دیکھنے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھین: رابعہ بٹ امداد کیلئے فیصل ایدھی کے ساتھ فلسطین جانے کی خواہاں

رابعہ بٹ نے اسی معاملے کو مزید بڑھاتے ہوئے کہا کہ شادی ختم ہونے کے معاملے پر ایسا سمجھنا کہ بے وفائی کی وجہ سے ہی جوڑے میں طلاق ہوئی ہوگی غلط ہے، کیوں کہ اس کے علاوہ بھی بہت ساری چیزیں ہوتی ہوں گی۔

اداکارہ نے کہا کہ شادی کے بعد خاتون کو یہ سمجھنا ہوگا کہ اس کا مرد کیوں باہر گیا؟ رابعہ بٹ کے مطابق ان کے خیال میں ’بے وفائی‘ یہیں سے ہی شروع ہوتی ہے۔

ماڈل و اداکارہ نے مذکورہ پروگرام میں اپنے کیریئر پر بھی کھل کر بات کی اور ڈرامے پہلے سی محبت میں اپنے کردار کو حقیقی زندگی کے عین مطابق قرار دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں