علی ظفر، فلم جسٹس لیگ دیکھنے کے بعد زیک اسنائیڈر کے معترف

13 جولائ 2021
گلوکار نے ٹوئٹس کے ذریعے اس فلم کو سراہا—فائل فوٹو: علی ظفر
گلوکار نے ٹوئٹس کے ذریعے اس فلم کو سراہا—فائل فوٹو: علی ظفر

پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے ہولی وڈ ہدایت کار زیک اسنائیڈر کی جسٹس لیگ دیکھنے ان کی فلم کو سراہا ہے۔

جسٹس لیگ پسند آنے پر علی ظفر نے 11 سال کی عمر میں بنائی گئی اپنی سپرمین کی ڈرائنگ کے ذریعے زیک اسنائیڈر اور ان کی بیٹی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک ٹوئٹ میں علی ظفر نے زیک اسنائیڈر کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے ابھی جسٹس لیگ کے لیے آپ کا کٹ دیکھا۔

انہوں نے لکھا کہ بچپن سے ڈی سی کامکس کا مداح ہونے کی حیثیت سے میں سپرمین کامکس کی تصاویر بناکر بڑا ہوا اور یہ فلم دیکھنےکے بعد میرے پاس کہنے کے لیے لفظ نہیں ہیں۔

علی ظفر نے کہا کہ میں آپ (زیک اسنائیڈر) کو اپنے اس اسکیچ کے ذریعے سراہ سکتا ہوں جو میں نے 11 برس کی عمر میں بنایا تھا اور اسے آپ کے اور آپ کی بیٹی کے نام کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ مارچ 2017 میں خودکشی کے نتیجے میں فلم ساز کی بیٹی کی موت ہوگئی تھی جس کے باعث انہوں نے کام سے وقفہ لے لیا تھا۔

اس وقت زیک اسنائیڈر نے کہا تھا کہ ’میں نے اپنے اہلخانہ اور بچوں کے ساتھ رہنے کے لیے کام سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، میرے بچوں کو میری ضرورت ہے‘۔

جس کے بعد وارنر برادرز نے اس وقت بنائی جانے والی فلم مکمل کرنے کے لیے جوس ویڈون کا انتخاب کیا تھا۔

بعدازاں اپنی ایک اور ٹوئٹ میں علی ظفر نے کہا کہ ایک چیز سمجھ اب تک نہیں آتی کہ وارنر بردارز کی جانب سے اسے پہلے اور آفیشل ورژن کے طور پر ریلیز کیوں نہیں کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’اس فلم میں کردار سازی، کہانی کے لیے وقت اور جذبات سب کچھ موجود ہے لیکن اچھا ہے کہ اسے آخر کار ریلیز کردیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں