چین میں 24 سال قبل اغوا ہونے والا بیٹا باپ سے مل گیا

14 جولائ 2021
گو کو طویل عرصے بعد اپنے بیٹے گو زیہن سے ملاقات کے وقت سسکتے ہوئے دیکھا گیا — فوٹو: اے ایف پی
گو کو طویل عرصے بعد اپنے بیٹے گو زیہن سے ملاقات کے وقت سسکتے ہوئے دیکھا گیا — فوٹو: اے ایف پی

چین میں 24 سال قبل اغوا ہونے والا بیٹا باپ سے مل گیا، باپ نے بیٹے کو تلاش کرنے کے لیے چین میں موٹر سائیکل پر پانچ لاکھ کلو میٹر سفر کیا اور ہر جگہ اسے تلاش کیا جہاں انہیں اپنے بیٹے کی موجودگی کی اطلاع ملی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق گو گینگ تانگ کے بیٹے کو 1997 میں صوبہ شینڈوک کے مشرق میں واقع ان کے گھر کے سامنے سے اغوا کیا گیا، جب ان کی عمر صرف 2 سال 5 ماہ تھی۔

بچہ گھر کے باہر تنہا کھیل رہا تھا، اسمگلرز نے بچے کو اٹھایا اور اسے وسطی چین میں ایک خاندان کو فروخت کردیا۔

کئی سالوں کی تلاش کے بعد پولیس نے گو کو بتایا کہ وسطی ہنان صوبے میں ایک 26 سالہ استاد کا ڈی این اے ان سے میچ ہو رہا ہے، جو کہ گو کا کھویا ہوا بیٹا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ڈیفنس سے 'اغوا' چینی تاجر خیبرپختونخوا سے بازیاب

خاندان کے دوبارہ ملنے کی تصویر وزارت عوامی تحفظ کے دفتر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کی جس میں گو کو طویل عرصے بعد اپنے بیٹے گو زیہن سے ملاقات کے وقت سسکتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ ان کی بیوی اپنے بچے کو گلے لگاتی ہوئی نظر آئیں۔

ویڈیو بیان میں گو اشک بار نظر آئے اور انہوں نے کہا کہ اب میرا بیٹا مل گیا ہے، اب سے میرے لیے ہر چیز خوشی کا باعث ہوگی۔

بیٹے کے اغوا کے وقت گو کی عمر 27 سال تھی اور انہوں نے اس وقت ملازمت چھوڑ کر موٹر سائیکل پر ایک بڑے جھنڈے پر ان کے بیٹے کی تصویر لگا کر پورے ملک میں ان کو تلاش کرنا شروع کردیا تھا۔


یہ خبر 14 جولائی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں