اولمپکس میں شرکت کے لیے پاکستان سے پہلا دستہ ٹوکیو روانہ

17 جولائ 2021
پاکستانی ایتھلیٹس  ماحور، غلام، 
 مصطفیٰ، خلیل بسمہ اور حسیب جمعرات کی رات اسلام آبادسے ٹوکیو روانہ ہوں گے—فوٹو؛ اے ایف پی
پاکستانی ایتھلیٹس ماحور، غلام، مصطفیٰ، خلیل بسمہ اور حسیب جمعرات کی رات اسلام آبادسے ٹوکیو روانہ ہوں گے—فوٹو؛ اے ایف پی

ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کرنے والے 8 پاکستانی ایتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ منفی آئے ہیں جس کے بعد پاکستان کا اولمپک گیمز کے لیے دستہ ٹوکیو روانہ ہو گیا۔

پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستانی دستے کے ہر ایتھلیٹ کو 1 لاکھ روپے کے چیک دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ویٹ لفٹر طلحہ طالب کے ڈوپ ٹیسٹ کے نتیجے کا انتظار کر رہے ہیں، ان کا ٹیسٹ تاخیر سے ہوا تھا، کوٹہ سسٹم پر ان کی شمولیت کی تصدیق 21 جولائی کے بعد ہو گی۔

وہ ایتھلیٹس جنہوں نے اپنے ڈوپ ٹیسٹ کلئیر کے ہیں، ان میں ارشد ندیم(جویلین تھرو)، نجمہ پروین(200 میٹر دوڑ)، ماحور شہزاد (بیڈمنٹن سنگل ایونٹ)، گلفام جوزف( شوٹنگ 10 میٹر ائیر پستول)، محمد خلیل اختر(25 میٹر ریپڈ فائر پستول)، غلام مصطفیٰ بشیر (25 میٹر رپیڈ فائر پستول)، بسمہ خان (سوئمنگ،50 میٹر فری اسٹائل)، اور سید محمد حسیب طارق (100 میٹر فری اسٹائل) شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:کوئی پلان بی نہیں، اولمپکس اسی سال منعقد ہوں گے، تھامس باک

پاکستانی دستے کے پہلے بیچ کے چھ اراکین ماحور، غلام، مصطفیٰ، خلیل بسمہ اور حسیب جمعرات کی رات اسلام آباد سے ٹوکیو روانہ ہو گئے۔

دوسرا بیچ 21 جولائی اور آخری بیچ 22 جولائی کو ٹوکیو پہنچے گا جبکہ اولمپکس گیمز شیڈول کے مطابق 23 جولائی کو شروع ہوں گے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو اسلام آباد اسپورٹ کمپلکس میں قائم ایک بائیو سیکیور ببل میں رکھا تھا، روانگی سے پہلے بین الاقوامی معیار کے مطابق دستے میں شامل اراکین کا پی سی آر ٹیسٹ بھی کیا گیا۔

پاکساتن اسپورٹس بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی وبا کے باعث غیر معمولی حالات کے پیش نظر اسپورٹس بورڈ کی جانب سے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کو ہر شعبے میں مکمل تعاون فراہم کیا گیا ہے، کھلاڑیوں کی رہائش، کھانے اور سفر کے خاص طور پر انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ تمام اراکین کو قبل از وقت اسپیشل یونیفارم اور ٹریول کٹ بھی فراہم کی گئی ہیں۔

یہ خبر ڈان اخبار میں 17 جولائی 2021 کو شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں