مجھے آپ کی، آپ کے بیٹوں کی زندگی میں کوئی دلچسپی نہیں، مریم نواز کا جمائما کو جواب

اپ ڈیٹ 20 جولائ 2021
مریم نواز اور جمائما گولڈ اسمتھ کے درمیان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لفظی جنگ جاری ہے—فائل فوٹوز: ٹوئٹر
مریم نواز اور جمائما گولڈ اسمتھ کے درمیان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لفظی جنگ جاری ہے—فائل فوٹوز: ٹوئٹر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے درمیان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لفظی جنگ جاری ہے اور جمائما کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ مجھے آپ کی، آپ کے بیٹوں کی زندگی میں کوئی دلچسپی نہیں۔

گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے ان کے بچوں سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کی سابق اور پہلی اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے کہا تھا کہ 2004 میں پاکستان چھوڑنے کے بعد بھی مذہب مخالف حملے اب تک جاری ہیں۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’مریم نواز شریف نے یہ اعلان کیا ہے کہ میرے بچے یہودیوں کی گود میں پلے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: عمران خان کے بچوں سے متعلق مریم نواز کے بیان پر جمائما کا ردعمل

انہوں نے مزید لکھا تھا کہ ’میں نے ایک دہائی تک میڈیا اور سیاستدانوں کی جانب سے یہود مخالف حملوں (اور ہفتہ وار قتل کی دھمکیوں اور میرے گھر کے باہر مظاہرے) کے بعد 2004 میں پاکستان چھوڑ دیا تھا لیکن یہ سلسلہ اب تک جاری ہے‘۔

بعدازاں جمائما کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ’مجھے آپ میں، آپ کے بیٹوں یا آپ کی ذاتی زندگیوں میں بالکل بھی دلچسپی نہیں ہے کیونکہ میرے پاس کرنے اور کہنے کے لیے اس سے بہتر چیزیں ہیں‘۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ’آپ کے سابق شوہر دوسروں کے خاندانوں کو نشانہ بنائیں گے تو دوسروں کے پاس کہنے کے لیے اس سے بھی بری چیزیں ہیں، اس کے لیے آپ اپنے سابق شوہر کو الزام دیں‘۔

علاوہ ازیں مریم نواز کی ٹوئٹ کے بعد سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’Jemima‘ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کررہا ہے اور معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور معروف گلوکار جواد احمد نے بھی اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ جمائما نے یہ بیان پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے آزاد کشمیر کے جلسے میں دیے گئے ایک بیان کے ردعمل میں جاری کیا تھا جو مریم نواز نے وزیراعظم کے خطاب کے جواب میں دیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے 18 جولائی کو آزاد کشمیر کے ضلع میر پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کے نواسے جنید صفدر پر تنقید کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’کمزور جیلوں میں جائے اور طاقتور این آر او لے لے اور باہر جاکر بیٹھ جائے اور اپنے پوتے کا پولو میچ دیکھے، یہ پوتا جو برطانیہ میں پولو میچ کھیل رہا ہے، کشمیر کے کتنے لوگ باہر رہتے ہیں کبھی ان سے پوچھیں کہ وہاں کس طرح کے لوگ پولو کھیلتے ہیں، یہ بادشاہوں کا کھیل ہے عام آدمی نہیں کھیل سکتا، اس کے لیے بہت پیسہ چاہیے تو اس کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا؟ یہ آپ کا پیسہ ہے جو یہاں سے باہر گیا ہے‘۔

جس کے بعد اسی روز 18 جولائی کو آزاد کشمیر کے علاقے دھیر کوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے اپنے بیٹے پر کی گئی تنقید کا جواب دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جمائما کی عمران خان سے متعلق ٹوئٹ ’تونے کیسا جادو کیا‘؟ ٹاپ ٹرینڈ بن گئی

انہوں نے کہا تھا کہ وہ تو آج وہاں کی پولو کی ٹیم کا کپتان بن کر پاکستان کی عزت میں اضافہ کررہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ’عمران خان کہتے ہیں کہ وہ پوتا، وہ پوتا نہیں نواسا (جنید) ہے، وہ نواسا باہر جا کر پولو کھیل رہا ہے، کہتے ہیں کہ اس کے پاس پولو کے پیسے کہاں سے آئے’۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں بچوں تک نہیں جانا چاہتی تھی لیکن جیسی بات کریں گے اب منہ توڑ جواب ملے گا، وہ نواز شریف کا نواسا ہے، گولڈ اسمتھ کا نواسا نہیں، وہ نواز شریف کا نواسا ہے، یہودیوں کی گود میں نہیں پل رہا’۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے جلسے جاری ہیں جس میں حکومت اور اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے پر تنقید کررہی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Khalid H. Khan Jul 21, 2021 05:54am
مریم نواز یہ نئی کہ سکتی کہ نواز شریف نے کرپشن نہی کی ہے اور اس پاکستان میں لاے اور نیب کیس کا سامنا کرے