’حج 2021 کی خوبصورت تصویر’

20 جولائ 2021
یہ تصویر حرمین شریفین کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی تھی جسے سوشل میڈیا پر بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے—فوٹو: بشکریہ حرمین ٹوئٹر
یہ تصویر حرمین شریفین کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی تھی جسے سوشل میڈیا پر بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے—فوٹو: بشکریہ حرمین ٹوئٹر

9 ذی الحج کو حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ ادا کرنے کے بعد سعودی عرب، دیگر خلیجی سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں 20 جولائی (بمطابق 10 ذی الحج) کو عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔

گزشتہ روز محدود پیمانے پر منعقدہ حج کے لیے 60 ہزار مکمل ویکسینیٹڈ شہری اور رہائشی 9 ذی الحج کو میدانِ عرفات میں جمع ہوئے تھے جہاں شیخ بندر بن عبد العزيز بليلہ نے خطبہ حج دیا تھا۔

خطبہ حج کے بعد عازمین نے جبلِ رحمت کا رخ کیا تھا جہاں انہوں نے عبادت میں مصروف رہتے ہوئے اللہ رب العزت کے حضور دعائیں کیں۔

اسی دوران حرمین شریفین کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک خصوصی تصویر شیئر کی گئی جس میں جبلِ رحمت پر دعا مانگتی خاتون کو دھوپ کی تپش سے بچانے کے لیے ان کے ساتھ موجود 'محرم' نے ان کے سر پر چھتری سے سایہ کیا ہوا ہے۔

مذکورہ تصویر کو ٹوئٹ کرتے ہوئے حرمین شریفین کے اکاؤنٹ کی جانب سے کیپشن میں لکھا گیا کہ ’دعا میں مصروف، ایک خاتون کو گرمی سے تپش کرنے کے لیے چھتری سے سایہ کیا گیا ہے‘۔

گزشتہ شب شیئر کی جانے والی اس تصویر کو بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے اور اسے مذہب کی خوبصورتی اور حج کی خوبصورت ترین تصویر بھی قرار دیا جارہا ہے۔

مذکورہ تصویر کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف خیالات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

علاوہ ازیں 24 گھنٹے سے کم دورانیے میں اس ٹوئٹ کو 161 مرتبہ ری ٹوئٹ کیا گیا ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد نے اسے 'پسند' کیا۔

محمد سعد نامی صارف نے اسے حج 2021 کی خوبصورت تصویر قرار دیا۔

محمد سعد نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ’ دعا ہے کہ اللہ ان کی دعائیں قبول کرے اور ہم سب کی بھی دعائیں قبول کرے‘۔

نصیر احمد نے لکھا کہ ’خاتون کے پاس چھتری نہیں ہے، مرد کے پاس ہے اور وہ اسے گرمی سے بچا رہا ہے’۔

ارقم نامی صارف نے اسے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ تصویر انہیں دل سے پسند آئی ہے۔

آر جے عمر نامی صارف نے اس ٹوئٹ کو اسی کیپشن کے ساتھ شیئر کیا۔

سرمد علی جعفری نے لکھا کہ ’ماشااللہ، اسے دین کے ذریعے درست تعلق کہتے ہیں‘۔

فرینڈ لیس نامی صارف نے اسے اسلام کی خوبصورتی قرار دیا۔

ایک اور ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’میں نے اس سال کی خوبصورت دیکھی ہے‘۔

مذکورہ تصویر حرمین کے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی اس کیپشن کے ساتھ شیئر کی گئی تھی۔

فیس بک پر بھی صارفین کی جانب سے کمنٹ میں اس تصویر کو بہت زیادہ سراہا جارہا ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

یوں تو سوشل میڈیا پر رواں برس حج کی مختلف تصاویر شیئر کی گئی ہیں، جن میں سے مذکورہ تصویر زیادہ توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر ایک اور تصویر بھی شیئر کی جارہی ہے جس میں میدان عرفات آمد پر وہیل چیئر پر بیٹھی خاتون کی چیئر ان کے ساتھ موجود 'محرم' چلارہا ہے۔

— فوٹو:رائٹرز
— فوٹو:رائٹرز

خیال رہے کہ میدان عرفات میں مغرب تک قیام کے بعد گزشتہ روز حجاج کرام مزدلفہ کے لیے روانہ ہوئے، جہاں پر مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کی جاتی ہیں اور رات بھر قیام لازم ہوتا ہے۔

10 ذی الحج کو عازمین ایک مرتبہ پھر مزدلفہ سے منیٰ آئے، جہاں قربانی سے قبل شیطان کو کنکریاں ماری گئیں اس ضمن میں انہیں سینیٹائزڈ کنکریاں فراہم کی گئی تھیں۔

بعدازاں منیٰ میں عازمین مخصوص مناسک کے بعد مکہ مکرمہ جاکر ایک طواف کرنے بعد منیٰ واپس آرہے ہیں۔

11 اور 12 ذی الحج کو تمام مناسک سے فارغ ہونے کے بعد عازمین ایک مرتبہ پھر مکہ مکرمہ جا کر مسجد الحرام میں طواف الوداع کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں