دنیا کے امیر ترین شخص، جیف بیزوز اپنے ذاتی راکٹ میں خلا کے سفر پر روانہ

اپ ڈیٹ 21 جولائ 2021
خلائی کیپسول میں سوار مسافر 3 سے 4 منٹ تک بے وزنی، بالائی خلا سے زمین کے مسحور کن نظارے اور محفوظ لینڈنگ کا تجربہ کرسکیں گے—فوٹو: بلیو اوریجن ٹوئٹر اکاؤنٹ
خلائی کیپسول میں سوار مسافر 3 سے 4 منٹ تک بے وزنی، بالائی خلا سے زمین کے مسحور کن نظارے اور محفوظ لینڈنگ کا تجربہ کرسکیں گے—فوٹو: بلیو اوریجن ٹوئٹر اکاؤنٹ

دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوز اپنی راکٹ کمپنی بلیو اوریجن کے عملے کے ساتھ خلا میں جانے والے پہلے مشن پر روانہ ہوگئے۔

امریکی خبررساں ادارے ’اے پی ‘ کی رپورٹ کے مطابق جیف بیزوز ایک ہفتے میں اپنے اسپیس شپ سے خلا میں روانہ ہونے والے دوسرے ارب پتی فرد ہیں۔

ایمیزون کے بانی جیف بیزوز کے پہلے خلائی سفر میں ان کے ساتھ ان کے بھائی کے علاوہ خلا میں پرواز کرنے والے کم عمر ترین اور معمر ترین افراد شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: خلائی سیاحت کا خواب یقینی بنانے کی جانب اہم قدم

ان میں نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والا ایک 18 سالہ طالب علم اور ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی 82 سالہ ایوی ایشن ماہر موجود ہیں۔

امریکا کے پہلے خلا باز کے نام سے منسوب بلیو اوریجن کا نیوشیپرڈ راکٹ، چاند پر اپولو 11 کی لینڈنگ کی 52ویں سالگرہ پر ٹیکساس کے دور دراز مٖغربی علاقے سے خلا کی جانب روانہ ہوا۔

جیف بیزوز کی جانب سے اپنے خلائی مشن کے لیے 20 جولائی کا دن اس کی تاریخی حیثیت کی وجہ سے چنا گیا تھا۔

ان سے 9 روز قبل ہی ورجن گلیکٹک کے بانی رچرڈ برانسن 11 جولائی کو خلا میں گئے تھے اور انہوں نے اپنے اسپیس شپ سے انسان بردار پرواز کامیابی سے مکمل کی تھی۔

رچرڈ برانسن کے پائلٹڈ راکٹ پلین کے برعکس، جیف بیزوز کا کیپسول مکمل طور پر خودکار تھا اور 10 منٹ کی پرواز کے لیے اسے کسی عملے کی ضرورت نہیں تھی۔

بلیو اوریجن لگ بھگ 66 میل (106 کلومیٹر) کی بلندی پر پرواز کررہا تھا جو رچرڈ برانسن کی 11 جولائی کی خلائی پرواز سے 10 میل (16 کلومیٹر) زیادہ بلند تھا۔

جیف بیزوز کا اسپیس شپ کا کیپسول فضا میں الگ ہونے اور عمودی لینڈنگ سے قبل آواز کی رفتار سے 3 گنا زیادہ سرعت سے بلند ہوا۔

امکان ہے کہ خلائی کیپسول میں سوار مسافر 3 سے 4 منٹ تک بے وزنی، بالائی خلا سے زمین کے مسحور کن نظارے اور محفوظ لینڈنگ کا تجربہ کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے امیر ترین شخص کا بچپن کا خواب تعبیر پانے کے قریب

جس کے بعد یہ کیپسول ایک خالی جگہ پر لینڈ ہوگا جہاں سے واپسی پر جیف بیزوز اور ان کے مہمان مختصر دورانیے کے لیے لگ بھگ 6 گنا زیادہ کشش ثقل کے تجربے سے گزریں گے۔

جیف بیزوز نے ایمیزون کے ہیڈکوارٹرز کے قریب واشنگٹن کے علاقے کینٹ میں سال 2000 میں بلیو اوریجن کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔

بلیو اوریجن کی جانب سے عوامی سطح پر ٹکٹوں کا اعلان یا قیمت بتانا باقی ہے، ابھی کمپنی کی جانب سے صرف ٹکٹوں کی بکنگ کی نیلامی کی جارہی ہے۔

اس حوالے سے بلیو اوریجن کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) بوب اسمتھ نے کہا کہ اس سال کے اواخر تک خلا میں مزید 2 مسافر پروازیں لے جانے کا ارادہ ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں