سوڈان: بارشوں اور سیلاب سے 53 افراد ہلاک
خرطوم: سوڈان میں سیلاب اور بارشوں کے باعث 53 افراد ہلاک جبکہ دو لاکھ کے قریب متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملکی محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے سربراہ عبداللہ خیر نے صحافیوں کو بتایا کہ 'ہماری اطلاعات کے مطابق ایتھوپیا میں تیز بارش کے بعد سیلابی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے'
اقوام متحدہ کے مطابق بارشوں سے متاثرہ اس ملک میں پہلے ہی کئی ریاستیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں جبکہ یہ صورت حال یکم اگست سے ہے۔
عبداللہ خیر کا کہنا ہے کہ خرطوم کے علاقے میں جمعے کے روز مزید بارشوں کی توقع ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ ابراہیم محمود حمید کا کہنا ہے کہ بارشوں سے اب تک 53 افراد ہلاک جبکہ 40 ہزار سے زائد خاندان متاثر ہوئے ہیں جو تقریباً دو لاکھ افراد بنتے ہیں۔
حمید کا کہنا ہے کہ صورت حال قابو میں ہے اور ایمرجنسی ڈکلیئر نہیں کی جارہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس متاثرہ افراد کے لیے دوائیں اور کھانے پینے کی اشیا وافر مقدار میں موجود ہیں۔