کرن جوہر بگ باس کے نئے سیزن کی میزبانی کریں گے

اپ ڈیٹ 25 جولائ 2021
بگ باس او ٹی ٹی 8 اگست سے شروع ہورہا ہے —فوٹو: انسٹاگرام
بگ باس او ٹی ٹی 8 اگست سے شروع ہورہا ہے —فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی فلم ساز کرن جوہر بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو بگ باس کے آنے والے سیزن کی ڈیجیٹل اقساط کی میزبانی کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں بھارتی اسٹریمنگ پلیٹ فارم وُوٹ نے کرن جوہر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں بگ باس کا میزبان بتایا۔

وُوٹ نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘بگ باس او ٹی ٹی ہوگا اتنا اوور دی ٹاپ کے کوئی ایک دم اوور دی ٹاپ ہی اس سے میچ کرسکتا ہے‘۔

مزید پڑھیں: بگ باس 14 کی میزبانی کیلئے سلمان خان کا ساڑھے 4 ارب روپے کا معاہدہ

ٹوئٹ میں مزید بتایا گیا کہ فلم ساز کرن جوہر میزبان کی حیثیت سے بگ باس او ٹی ٹی کا حصہ بننے جارہے ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بولی وڈ اداکار سلمان خان جو ایک دہائی سے زائد عرصے سے کلرز پر بگ باس کی میزبانی کررہے ہیں، انہوں نے چند روز قبل بگ باس او ٹی ٹی کا نیا پرومو شیئر کیا تھا۔

بھارتی خبر ایجنسی اے این آئی کے مطابق کرن جوہر نے سلمان خان کی جگہ نہیں لی ہے بلکہ وہ وُوٹ پر چند اقساط کی میزبانی کریں گے۔

اے این آئی نے کہا کہ اس کے بعد سلمان خان نئے سیزن کے ٹیلی وائزڈ ورژن کی میزبانی کریں گے۔

بگ باس او ٹی ٹی کی میزبانی کے حوالے سے کرن جوہر نے بتایا کہ ’میری والدہ اور میں بگ باس کے بہت بڑے مداح ہیں اور اس کی ایک بھی قسط دیکھنا نہیں بھولتے’۔

کرن جوہر نے بتایا کہ ’ایک ویور کی حیثیت سے یہ مجھے ڈراما کی صورت میں بہت زیادہ تفریح فراہم کرتا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘دہائیوں سے، میں شوز کی میزبانی کا لطف اٹھارہا ہوں اور اب بگ باس او ٹی ٹی کے ساتھ یہ اوور دی ٹاپ ہوگا’۔

کرن جوہر نے مزید کہا کہ ’میری والدہ کا خواب سچ ہوگیا، بگ باس او ٹی ٹی بہت زیادہ سنسنی خیز اور ڈرامائی ہوگا’۔

یہ بھی پڑھیں: بگ باس 13 کے لیے سلمان خان کا اربوں روپے کا معاوضہ

فلم ساز نے کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ میں ناظرین اور اپنے دوستوں کی توقعات پر پورا اتروں گا اور ویک اینڈ کے وار کو اپنے انداز میں تفریح سے بھرپور بناؤں گا۔

کرن جوہر نے انسٹاگرام پر بھی بگ باس او ٹی ٹی کی میزبانی سے متعلق بتایا اور اس کا پوسٹر بھی شیئر کیا۔

خیال رہے کہ بگ باس او ٹی ٹی 8 اگست سے شروع ہورہا ہے جو بھارتی اسٹریمنگ پلیٹ فارم وُوٹ پر نشر ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں