آزاد کشمیر اسمبلی میں چوہدری انوار الحق اسپیکر، ریاض احمد ڈپٹی اسپیکر منتخب

اپ ڈیٹ 04 اگست 2021
چوہدری انوارالحق اسپیکر، ریاض احمد ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں — فوٹو: طارق نقاش
چوہدری انوارالحق اسپیکر، ریاض احمد ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں — فوٹو: طارق نقاش

مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چوہدری انوار الحق اسپیکر اور ریاض احمد ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے راجا فیصل ممتاز راٹھور اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نثار عباسی کو 32 ووٹ حاصل کرتے ہوئے شکست دی جبکہ ان کے مخالفین کو 15 ووٹ ملے۔

واضح رہے کہ فیصل ممتاز راٹھور اور نثار عباسی دونوں جماعتوں کے مشترکہ امیدوار تھے۔

مزید پڑھیں: کیا آزاد کشمیر کے انتخابات میں مہاجرین کے نام پر 'بلیک میلنگ' ہوتی ہے؟

قبل ازیں افتتاحی اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے 52 میں سے 49 نومنتخب ارکان سے سبکدوش ہونے والے اسپیکر شاہ غلام قادر نے عہدے کا حلف لیا۔

پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یٰسین ضلع کوٹلی کے دو حلقوں سے منتخب ہوئے ہیں اور انہیں 30 دنوں کے اندر اپنی ایک نشست سے حلف لینا ہے جس کی وجہ سے اسمبلی کی اس وقت عددی قوت 53 کے بجائے 52 ہے اور پیپلز پارٹی کی نشستیں 12 کے بجائے 11 ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے 7 ووٹ ہیں۔

دونوں جماعتوں نے اس سے قبل تین مخصوص نشستوں کے لیے مشترکہ امیدوار کھڑے کیے تھے اور وزیر اعظم کے عہدے کے لیے مشترکہ امیدوار کھڑا کرنے کا اعلان بھی کیا تھا جس کا انتخاب بدھ کو ہونا ہے۔

پی ٹی آئی کے 32 ووٹ ہیں اور دو ریاستی جماعتوں مسلم کانفرنس (ایم سی) اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) کے پاس ایک، ایک ووٹ ہے۔

تاہم افتتاحی سیشن میں پی پی پی کے چوہدری یٰسین اور جاوید اقبال اور ایم سی کے سردار عتیق احمد خان شریک نہیں ہوئے جس کی وجہ سے 49 ارکان نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کا آنکھوں دیکھا حال

اسپیکر کے انتخاب میں ایک ووٹ پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں اور دوسرا اپوزیشن کے حق میں مسترد کیا گیا۔

انوارالحق نے کامیاب قرار دیے جانے اور حلف اٹھانے کے بعد اجلاس کی صدارت کی اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے الیکشن کرایا۔

تاہم اس بار انوارالحق نے اپنی پارٹی کے ماجد خان کے اس اعتراض کے بعد اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا کہ اسپیکر صرف اس صورت میں اپنا ووٹ ڈال سکتا ہے جب الیکشن ٹائی پر ختم ہو جائے۔

ڈپٹی اسپیکر سے حلف لینے کے بعد ایوان سے خطاب کرتے ہوئے انوارالحق نے پی ٹی آئی قیادت کا ان پر اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپوزیشن کی آواز کو نہیں دبائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں