ترک ڈراما ارطغرل غازی کے اداکار حسین اوزے انتقال کرگئے

اپ ڈیٹ 04 اگست 2021
انہوں نے  ارطغرل کے ماموں اور حائمہ خاتون کے بھائی کا کردار ادا کیا تھا —فائل فوٹو: فیس بک
انہوں نے ارطغرل کے ماموں اور حائمہ خاتون کے بھائی کا کردار ادا کیا تھا —فائل فوٹو: فیس بک

ترکی کی مقبول ڈراما سیریز دیریلیش ارطغرل جسے پی ٹی وی پر ارطغرل غازی کے نام سے نشر کیا جا رہا ہے کے دوسرے سیزن میں 'کورکوت بے' کا کردار کرنے والے اداکار 'حسین اوزے' انتقال کرگئے۔

حسین اوزے کے انتقال کی خبر ارطغرل غازی کے ہدایت کار اور پروڈیوسر مہمت بوزداغ نے شیئر کی۔

مہمت بوزداغ نے اداکار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'مجھے یہ جان کر انتہائی دکھ ہوا کہ حسین اوزے، ہماری سیریز ارطغرل کے قابلِ قدر اداکار اور معزز تھیٹر آرٹسٹ انتقال کرگئے'۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے مزید 2 اداکار پاکستانی برانڈ کے ایمبیسڈر بن گئے

انہوں نے مزید لکھا کہ 'اللہ ان کے درجات بلند کرے اور ان کے اہلخانہ، مداحوں اور فنکار برادری کو صبر عطا کرے'۔

حسین اوزے 1959 میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے متعدد فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دیکھائے۔

دیریلیش ارطغرل میں کورکوت بے کے کردار سے حسین اوزے کو عالمی شہرت ملی تھی، انہوں نے ارطغرل کے ماموں اور حائمہ خاتون کے بھائی کا کردار ادا کیا تھا۔

حسین اوزے نے دیریلیش ارطغرل کے دوسرے سیزن میں اہم کردار ادا کیا تھا جب ہجرت کے دوران منگول فوج کے حملے کے بعد قائی قبیلہ مشکلات کا شکار تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار کی پاکستان آمد

کئی ساتھی اداکاروں نے ترک اداکار کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور انہیں خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔

دیریلیش ارطغرل کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے جو ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے، جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

تبصرے (0) بند ہیں