وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسپیشل کوآرڈینیٹر عون چوہدری کو ڈی نوٹیفائی کردیا

اپ ڈیٹ 06 اگست 2021
اسپیشل کوآرڈینیٹر برائے سیاسی امور عون چوہدری کو ان کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کردیا گیا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
اسپیشل کوآرڈینیٹر برائے سیاسی امور عون چوہدری کو ان کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کردیا گیا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسپیشل کوآرڈینیٹر برائے سیاسی امور عون چوہدری کو ان کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کردیا جبکہ اسد علی کھوکھر کو صوبائی وزیر بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے ان کے اسپیشل کوآرڈینیٹر برائے سیاسی امور عون چوہدری نے جمعے کو ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان مستعفی

باوثوق ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات خوش گوار ماحول میں ہوئی لیکن اسپیشل کوآرڈینیٹر برائے سیاسی امور عون چوہدری کو ان کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ آفس سے عون چوہدری کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا البتہ اسپیشل کوآرڈینیٹر عون چوہدری کا استعفیٰ اب تک وزیراعلیٰ آفس کو موصول نہیں ہوا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے رکن پنجاب اسمبلی اسد کھوکھر کی ملاقات ہوئی جو خوش گوار ماحول میں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ اسد کھوکھر کو صوبائی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وہ کل گورنر ہاؤس میں اپنی وزارت کا حلف اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ عون چوہدری کو عہدے سے ایک ایسے موقع پر ڈی نوٹیفائی کیا گیا ہے جب وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ نور نے سابق شوہر عون چوہدری سے پانچویں شادی کرلی؟

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا استعفیٰ منظور کرلیا جس کے بعد وزیراعلیٰ آفس نے ان کے مستعفی ہونے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

خیال رہے کہ فردوس عاشق اعوان کے حوالے سے رپورٹس تھیں کہ وزیراعظم عمران خان انہیں وفاق میں ذمہ داری سونپنا چاہتے ہیں اور اب انہوں نے پنجاب میں صوبائی حکومت سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں