نتاشا نورانی کا گانا ’چھوڑو‘ بھارتی مختصر فلم میں شامل

اپ ڈیٹ 17 ستمبر 2021
گانے کو شمی نامی مختصر فلم میں شامل کیا گیا ہے—پرومو فوٹو، فائل فوٹو، انسٹاگرام
گانے کو شمی نامی مختصر فلم میں شامل کیا گیا ہے—پرومو فوٹو، فائل فوٹو، انسٹاگرام

گلوکارہ، موسیقار اور نغمہ نگار نتاشا نورانی کے رواں برس ریلیز ہونے والے مشہور گانے ’چھوڑو‘ کو بھارتی مختصر فلم میں شامل کرلیا گیا۔

نتاشا نورانی نے انسٹاگرام پر بھارتی مختصر فلم ’شمی‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ فلم کے سینز میں پس منظر پر ان کے گانے کو شامل کیا گیا ہے۔

گلوکارہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کے رومانوی گانے کو فلم کا حصہ بنایا گیا۔

نتاشا نورانی نے ’چھوڑو‘ کو رواں برس مئی میں ریلیز کیا تھا، ان کے گانے کو پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی سراہا گیا تھا۔

گانے کے حوالے سے گلوکارہ نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے مذکورہ گانے کی شاعری دو سال قبل لکھی تھی۔

نتاشا نورانی نے بتایا تھا کہ جب دو سال قبل ان کا کسی نے دل توڑا تھا، تب انہوں نے ’چھوڑو‘ کی شاعری لکھی تھی، کیوں کہ اس وقت وہ مشکل وقت سے گزر رہی تھیں۔

پاکستانی گلوکارہ کے گانے کو بھارت کی جس مختصر فلم ’شمی‘ میں شامل کیا گیا ہے اس کی کہانی نو عمر لڑکی اور اس کے والد کے تعلقات اور رشتے کے گرد گھومتی ہے۔

’شمی‘ نامی مختصر فلم کو 17 ستمبر کو اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ایمازون منی‘ پر ریلیز کیا گیا اور اسے شائقین کے لیے مفت پیش کیا گیا ہے۔

مختصر فلم میں دکھایا گیا ہے کہ نو عمر بچوں اور خصوصی طور پر لڑکیوں کے جذبات اور ترجیحات کو سمجھنا مشکل ہوتا ہے اور جب ان کی زندگی میں ماں نہ ہو اور صرف والد ہو تو معاملہ مزید بگڑ جاتا ہے۔

فلم میں پرتیک گاندھی نے والد جب کہ چاہت توانی نے ان کی جواں سالہ بیٹی کا کردار ادا کیا ہے اور فلم کی ہدایات نوجوان فلم ساز دیشا نویاناکی نے دی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں