ممبئی: 1993 دھماکوں کا ملزم گرفتار

شائع August 17, 2013

فائل فوٹو --.
فائل فوٹو --.

نئی دہلی: ہندوستانی پولیس نے کالعدم عسکریت پسند تنظیم کے ایک سینیئر رکن کو مبینہ طور پر 1993 کے ممبئی دھماکوں سمیت ملک بھر میں چالیس جان لیوا بم حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے-

سرکاری حکام نے بتایا کہ مبینہ طور پر پاکستان سے تعلق رکھنے والی لشکر طیبہ کے رکن ستر سالہ عبدالکریم ٹنڈا کو دہلی پولیس کی ٹیم نے جمعہ کو نیپال کے قریب سرحد سے گرفتار کیا۔

اسپیشل کمشنر آف پولیس، ایس این شری واستو نے ہفتہ کو نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ گرفتاری ملکی سیکورٹی ایجنسیوں کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے-

پولیس ٹنڈا کو مبینہ تر پر 'لشکر طیبہ کا دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کا ماہر اور دہشت گرد' گردانتی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ 1993 کے ممبئی دھماکوں کے لئے پولیس کو مطلوب تھا۔

1993 میں ہونے والے ان حملوں میں ہندوستان کے معاشی شہہ رگ کے ہوٹلوں، آفسوں، بلڈنگوں اور بینکوں کو نشانہ بنایا گیا اور انہیں ایک قدیم مسجد کے انہدام کے نتیجے میں ہونے والے فسادات کا بدلہ تصور کیا جاتا رہا ہے-

ان دھماکوں میں ایک ہی دن میں ڈھائی سو افراد ہلاک ہوئے تھے-

1993 ممبئی دھماکوں کا مبینہ مرکزی ملزم، انڈرورلڈ باس، داؤد ابراہیم اب تک مفرور ہے-

شری واستو نے دعوی کیا کہ ٹنڈا دہلی میں 1997-98 بم دھماکوں اور ملک میں دیگر دہشت گردی کی وارداتوں کا بھی ماسٹر مائنڈ تھا-

شری واستو کے مطابق ٹنڈا ہندوستان کو سب سے زیادہ مطلوب ملزمان میں سے ایک تھا اور اس کا نام چوٹی کے بیس دہشت گردوں میں شامل ہے۔

شری واستو نے بتایا کہ انھیں ہندوستان اور نیپال کی سرحد کے نزدیک گرفتار کیا گیا اور ان کے پاس سے پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہوا-

یہ گرفتاری ایسے وقت عمل میں آئی ہے جب ہندوستان نے 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد سے ملک کی داخلی سلامتی کے حوالے سے اقدامات کرنا شروع کئے ہیں-

ہندوستان ان حملوں کا الزام لشکر طیبہ پر عائد کرتا ہے اور ان سے دو پڑوسی ممالک کے تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے-

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025