حکومت جلد کھیلوں سے متعلق قومی پالیسی کا اعلان کرے گی، وفاقی وزیر

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2021
فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ اسپورٹس پالیسی کا اعلان صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا — فوٹو: وائٹ اسٹار
فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ اسپورٹس پالیسی کا اعلان صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا — فوٹو: وائٹ اسٹار

وفاقی حکومت کھیلوں کی ایک جامع قومی پالیسی بنا رہی ہے جس کا جلد اعلان کیا جائے گا جبکہ یہ پالیسی زیر التوا مسائل کے جلد حل اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے لائی جارہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ بیان وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی روابط و کھیل ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے دیا۔

انہوں نے ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کو قرار دیا اور ملک بھر میں اسکولوں کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرکے نچلی سطح پر کھیلوں کو فروغ دینے کا اعلان کیا۔

وفاقی وزیر نے کچھ شخصیات کے کئی سالوں سے اہم عہدوں یا محکموں میں براجمان ہونے کے باوجود کچھ نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیکن اب حکومت نے نظام میں بہتری کا تعین کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کھیلوں کا زمانہ زندہ کرنا ہوگا

انہوں نے کہا کہ ایک کے بعد ایک حکومت آئی لیکن کسی نے سال 2005 کے بعد عالمی سطح پر کھیلوں سے متعلق کوئی پالیسی نہیں بنائی اور یہی وجہ ہے کہ نئے ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے کوئی کوشش نہیں کی گئی۔

فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ اسپورٹس پالیسی کا اعلان صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ذاتی مفادات کے لیے کسی کو سرکاری عہدوں کے استعمال کی اجازت نہیں دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق باصلاحیت نوجوانوں کو کھیلوں کی سیاست سے بچانے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نوجوانوں کے لیے کھیلوں میں پنجابی، سندھی، پختون سیاست کو بروئے کار لائے بغیر برابری کے موقع فراہم کرنے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹوکیو اولمپکس: اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر تنقید درست کیوں نہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں سے نئے ٹیلنٹ کو نکالنے کے لیے ٹرائلز جاری ہیں، پاکستان کے کھیلوں کا گراف کئی سالوں سے نیچے کی جانب جارہا ہے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت اسے بلند کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'ہماری حکومت سے قبل ملک میں کھیلوں کی نگرانی کے لیے کوئی ڈھانچہ نہیں تھا، ہم نے چیزوں کو ہموار کرنے کے لیے کام کیا ہے'۔

فہمیدہ مرزا نے کہا کہ اسکول اور کالج کی سطح پر ٹیلنٹ تلاش کرنا شروع کردیا گیا ہے جبکہ قومی سطح پر کھیلوں کے لیے منظم پالیسی تیار کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بورڈ کو سمجھنا ہوگا کہ کھیل سے زیادہ اہم صحت اور زندگی ہے

ان کا کہنا تھا کہ بہتر پالیسی کی تشکیل کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔

افتتاحی کے پی قومی ہاکی لیگ 2021 کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ صوبائی سطح پر اس طرح کے کھیلوں کے انعقاد اور ان میں سینئر ہاکی پلیئرز کی شمولیت نئے آنے والے کھلاڑیوں کو ساتھ کھیلنے اور ان سے سیکھنے کے موقع ملیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں