مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ربیع الاول کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد کل یکم اور 12 ربیع الاول 19 اکتوبر کو ہوگی۔

اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ یکم ربیع الاول کل 8 اکتوبر 2021 کو ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام میں مجالس اور جلوس کورونا ایس او پیز کے تحت منعقد کرنے کی ہدایت

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں چاند کی رویت کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کا جائزہ لیا گیا۔

ملک بھر سے ملنے والی اطلاعات کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ربیع الاول کا چاند نظر آگیا ہے، یکم ربیع الاول کل 8 اکتوبر (بروز جمعہ) کو ہوگی اور عید میلاد النبی ﷺ 19 اکتوبر بروز منگل کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف رہا، ذونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز پر منعقد ہوئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس عاشقان رسول ﷺ نے کورونا وائرس کے سائے میں عید میلادالنبیؐ منائی تھی اور حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر عمل درآمد کا اعلان کیا گیا تھا۔

حکومت کی جانب سے رواں برس تاحال 12 ربیع الاول کے حوالے سے ایس او پیز جاری نہیں کی گئیں لیکن این سی او سی نے آج کے اجلاس میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کی بنیاد پر تمام تعلیمی اداروں میں معمول کے مطابق کلاسز دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسد عمر نے کہا کہ 'بیماری کے پھیلاؤ میں کمی اور اسکول ویکسینیشن پروگرام شروع کرنے کی بنیاد پر آج این سی او سی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ تمام تعلیمی اداروں کو پیر (11 اکتوبر) سے کلاسیں معمول کے مطابق شروع کرنے کی اجازت دی جائے'۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں عید میلادالنبیﷺ 30 اکتوبر کو منائی جائے گی

این سی او سی نے اگست میں محرم الحرام کے دوران کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ گھروں میں نجی مجالس سے اجتناب کیا جائے۔

این سی او سی کی طرف سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں جنہیں متعلقہ علما کی سفارشات کو مدنظر رکھ کر جاری کیا گیا تھا اور اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ تمام مجالس اور جلوس کورونا ایس او پیز کے تحت منعقد کیے جائیں۔

عشرہ رحمت اللعالمینﷺ

وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت مذہبی امور نے ربیع الاول کے دوران عشرہ رحمت اللعاملین منانے کے لیے حکمت عملی بنادی اور بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم پاکستان کے حکم پر 3 تا 13 ربیع الاول کو عشرہ رحمۃ اللعالمینﷺ منانے کے حوالے سے وزارت مذہبی امور میں وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت وفاقی و صوبائی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکولوں، کالجوں اور درسگاہوں میں سیرت پر تقریری اور نعتیہ مقابلے منعقد کروائے جائیں گے، علمائے کرام، اسکالرز اور نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ عشرہ رحمت اللعالمین پر مؤثر عوامی آگہی دیں گے، خاص طور پر خواتین کے حقوق، معاشرے میں بڑھتی جنسی درندگی اور منشیات کی روک تھام کے حوالے سے بھی آگہی دی جائے گی۔

نور الحق قادری نے کہا کہ پبلشرز عشرہ رحمت للعالمینﷺ کے دوران سیرت کی کتب پر خصوصی رعایت دیں، سرکاری و نجی ٹی وی چینلز کے ذریعے سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیمرا، سرکاری و نجی ٹی وی چینلز کو خصوصی ہدایات جاری کرے گا، دوسرے اسلامی ممالک میں منعقدہ ربیع الاول کے پروگراموں کی خصوصی تشہیر کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں