’بنٹی اور ببلی‘ ڈیڑھ دہائی بعد جرائم کی دنیا میں واپس

شائع October 26, 2021 اپ ڈیٹ October 26, 2021 06:46pm
اس بار رانی مکھرجی کے ہمراہ سیف علی خان ایکشن میں دکھائی دیں گے—پرومو فوٹو:
اس بار رانی مکھرجی کے ہمراہ سیف علی خان ایکشن میں دکھائی دیں گے—پرومو فوٹو:

ماضی کی مقبول بولی وڈ کامیڈی فلم ’بنٹی اور ببلی‘ کی سیکوئل فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

’بنٹی اور ببلی‘ کی پہلی فلم 2005 میں ریلیز کی گئی تھی، جس میں رانی مکھرجی اور ابھیشک بچن نے لوگوں کو لوٹنے اور بے وقوف بنانے والوں کا کردار ادا کیا تھا۔

پہلی فلم کی شاندار کامیابی کے بعد یش راج فلمز نے اس کا سیکوئل بنانے کا اعلان تو کیا تھا مگر دوسری فلم بننے میں 16 سال کا عرصہ لگا اور اب نئی فلم کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

’بنٹی اور ببلی ٹو‘ کے جاری کیے گئے ٹریلر میں پرانے کرداروں سمیت جونیئر بنٹی اور جونیئر ببلی کو بھی دکھایا گیا ہے جو سینئرز کا نام استعمال کرکے لوگوں کو پریشان کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

سیکوئل میں جونیئر بنٹی اور ببلی کے کردار بھی متعارف کرائے گئے ہیں—پرومو فوٹو
سیکوئل میں جونیئر بنٹی اور ببلی کے کردار بھی متعارف کرائے گئے ہیں—پرومو فوٹو

نئی فلم میں پنکج تریپاتھی، جیسے ورسٹائل اداکار پولیس افسر کے روپ میں بنٹی اور ببلی کی جانب سے لوگوں کو لوٹنے کے معاملات سلجھاتے دکھائی دیں گے۔

اس مرتبہ ابھیشک بچن کی جگہ چھوٹے خان سیف علی خان کو کاسٹ کیا گیا ہے، جنہیں فلم میں توند کے ساتھ درمیانی عمر کے شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ رانی مکھرجی نے بھی ادھیڑ عمر خاتون کا کردار ادا کیا ہے اور دونوں میاں بیوی یعنی ببلی اور بنٹی لوگوں کو تنگ کرنے والی عادتیں چھوڑ کر آرام کی زندگی گزار رہے ہوتے ہیں لیکن پولیس آکر انہیں تنگ کرتی ہے۔

ٹریلر میں دکھایا گیا کہ سینئر بنٹی اور ببلی اس وقت پریشان ہوجاتے ہیں جب انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کا نام استعمال کرکے کوئی لوگوں کو پریشان کر رہا ہے۔

ٹریلر میں سیف علی خان اور رانی مکھرجی کے علاوہ جونیئر ببلی یعنی شروری واگھ جب کہ جونیئر بنٹی یعنی سدھانت چترویدی کو بھی ایکشن میں دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ لوگوں کو بنٹی اور ببلی بن کر پریشان کرنے والے سدھانت چترویدی اور شروری واگھ ہیں لیکن پولیس کا شک سیف علی خان اور رانی مکھرجی پر جاتا ہے۔

’بنٹی اور ببلی ٹو‘ کی کہانی ورن وی شرما نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں جب کہ فلم کو رانی مکھرجی کے شوہر ادیتیا چوپڑا نے یش راج فلم کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم کو آئندہ ماہ 19 نومبر کو سینماؤں میں ریلیز کیا جائے گا اور اس کا مقابلہ دیگر بڑے بجٹ کی فلموں سے ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 24 اپریل 2026
کارٹون : 23 اپریل 2026