'القاعدہ یورپ پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہی ہے'

شائع August 19, 2013

ایمن الظواہری کی فائل تصویر۔ اے ایف پی فوٹو
ایمن الظواہری کی فائل تصویر۔ اے ایف پی فوٹو

 برلن: ایک جرمن اخبار کا کہنا ہے کہ القاعدہ یورپ کے انتہائی تیز رفتار ریل نیٹ ورک پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

 یہ بات جرمنی کے ایک کثیر الاشاعت بزنس اخبار بلڈ نے پیر کے روز انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہی۔

بلڈ جو یورپ کا سب سے زیادہ پڑھا جانیوالا اخبار ہے، نے کہا کہ انتہا پسند گروپ ٹرینوں اور سرنگوں پر دھماکہ خیز مواد نصب یا ٹریک اور بجلی تاروں کو دھماکوں سے اڑا سکتا ہے۔

بلڈ کا کہنا ہے کہ یہ معلومات امریکہ میں قومی سلامتی ادارے این ایس اے سے موصول ہوئی ہے جس نے القاعدہ کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ایک کانفرنس کال کو سنا تھا ۔

بلڈ نے کہا کہ یورپ کے ریل نیٹ ورک پر حملے اس ٹیلی فون کال کا مرکزی عنوان تھا ۔

اخبار کے مطابق جرمنی میں حکام نے اس دھمکی کے جواب میں سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس افسران کو اہم سٹیشنز اور راستوں پر تعینات کرنے سمیت کئی ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے القاعدہ رہنما ایمن الظواہری اور گروپ کے عالمی نیٹ ورک کے دنیا بھر سے 20 سے زائد رہنماؤں کے درمیان رواں ماہ کے اوائل میں ایک کانفرنس کال کا سراغ لگایا جس پر امریکہ اور اس کے متعدد اتحادیوں نے مسلم دنیا بھر میں بڑے حملے کے خدشے کے پیش نظر اپنے سفارت خانے بند کردیئے۔

یکم اگست کو امریکہ نے دنیا بھر میں الرٹ جاری کیا اور خبر دار کیا کہ القاعدہ مشرق وسطیٰ یا شمالی افریقہ میں حملے کی منصوبہ بندی رکھتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 جون 2025
کارٹون : 20 جون 2025