پاکستانی اداکارائیں ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ میں ایکشن دکھانے کو تیار

10 نومبر 2021
ویب سیریز خواتین کی کہانیوں پر مشتمل ہے—پرومو فوٹو
ویب سیریز خواتین کی کہانیوں پر مشتمل ہے—پرومو فوٹو

فلم ساز عاصم عباسی کی کامیاب ویب سیریز ’چڑیلز‘ کے بعد جلد ہی شائقین کرائم تھرلر فیمنسٹ ویب سیریز ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ دیکھ سکیں گے۔

جی ہاں، شائقین جلد ہی بھارتی اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’زی فائیو‘ پر ثروت گیلانی، مہر بانو، صنم سعید، ایمان سلیمان، فائزہ گیلانی، سامعیہ ممتاز اور بیو رانا ظفر کو ایکشن میں دیکھیں گے۔

’زی فائیو‘ نے ویب سیریز کا موشن پوسٹر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی سیریز کو ریلیز کیا جائے گا۔

’قاتل حسیناؤں کے نام‘ کے موشن پوسٹر کو اداکارہ ثروت گیلانی سمیت صنم سعید، ایمان سلیمان اور مہربانو نے بھی انسٹاگرام پر شیئر کیا۔

اسی حوالے سے شوبز ویب سائٹ ’ڈیڈ لائن‘ نے بتایا کہ ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ کی ہدایات مینا گور نے دی ہیں جو کہ اس کی شریک لکھاری بھی ہیں، ویب سیریز کے شریک لکھاری پاکستانی فلم ساز فرجاد نبی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ویب سیریز میں شہریار منور اور احسن خان سمیت سلیم معراج اور دیگر اداکار بھی اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ویب سیریز کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے اگلے سال پیش کیا جائے گا۔

ویب سیریز کی کہانی خواتین کے گرد گھومتی ہے اور شائقین کو اس میں محبت، انتقام، انقلاب اور دوسروں کی خدمت کرنے کی مختلف کہانیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

’قاتل حسیناوٌں کے نام‘ کے تمام مرکزی اداکار پاکستانی ہیں جب کہ اس کی ہدایات بھارتی خاتون فلم ساز نے دی ہے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ ویب سیریز کی شوٹنگ کہاں ہوئی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کی شوٹنگ پاکستان اور بھارت کے علاوہ کسی تیسرے مقام پر ہوئی ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں