نیوزی لینڈ: قوم سے براہ راست خطاب کے دوران وزیراعظم کی بیٹی کی مداخلت

اپ ڈیٹ 11 نومبر 2021
جیسنڈا آرڈرن 2017 سے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
جیسنڈا آرڈرن 2017 سے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن کی تین سالہ بیٹی نے فیس بک لائیو ویڈیو کے خطاب کے دوران مداخلت کرکے والدہ کو ویڈیو جلد ختم کرنے پر مجبور کردیا۔

خبر رساں ادارے ’ایجنسی پریس فرانس‘ (اے ایف پی) کے مطابق جیسنڈا آرڈن 8 نومبر کو کورونا سے متعلق پابندیوں میں نرمی یا تبدیلی کے حکومتی فیصلوں سے متعلق قوم کو فیس بک لائیو ویڈیو کے ذریعے آگاہ کر رہی تھیں کہ ان کی بیٹی نے لائیو ویڈیو میں مداخلت کردی۔

جیسنڈا آرڈرن نے فیس بک پر 8 منٹ تک قوم سے لائیو بات کی اور عوام کو کورونا کی تازہ ترین صورتحال اور حکومتی فیصلوں سے متعلق آگاہ کیا۔

ان کی جانب سے شیئر کی گئی 8 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے انہیں ان کی تین سالہ بیٹی ’نیو‘ 7 ویں منٹ میں آواز دے کر بلا رہی ہیں۔

ویڈیو میں جیسنڈا آرڈرن کی بیٹی دکھائی نہیں دیتیں، تاہم وہ بیٹی کے بلانے پر قوم سے خطاب کو چھوڑ کر کم سن بچی کو جواب دیتی دکھائی دیتی ہیں۔

ویڈیو میں جیسنڈا آرڈرن کی بیٹی کی آواز سنائی دیتی ہے جو کہ والدہ کو بار بار بلا رہی ہوتی ہیں۔

بیٹی کے بلانے پر جیسنڈا آرڈرن انہیں کہتی سنائی دیتی ہیں کہ انہیں بسترے پر ہونا چاہیے، جس پر انہیں بیٹی جواب دیتی ہیں کہ ’نہیں‘ انہیں وہاں نہیں ہونا چاہیے۔

جیسنڈا آرڈرن کے ہاں 21 جون 2018 کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
جیسنڈا آرڈرن کے ہاں 21 جون 2018 کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

جیسنڈا آرڈرن کی جانب سے فیس بک پر شیئر کی گئی لائیو ویڈیو میں بیٹی کی مداخلت کا حصہ نکال دیا گیا ہے، تاہم ان کی بچی کی مداخلت کے حصے کو دنیا بھر کے میڈیا نے دکھایا اور چلایا۔

بیٹی کی مداخلت پر جیسنڈا آرڈرن عوام سے معافی مانگتی دکھائی دیتی ہیں اور خود اعتراف بھی کرتی ہیں کہ انہوں نے مختصر وقت کے لیے لائیو ہونا تھا مگر شاید انہوں نے زیادہ دیر تک براہ راست ویڈیو چلائی۔

یہ بھی پڑھیں: بیٹی کی پیدائش کے 3 سال بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا شادی کا فیصلہ

ساتھ ہی جیسنڈا آرڈرن کورونا کے مسائل کو چھوڑ کر والدین اور بچوں کے مسائل پر بھی بات کرتی دکھائی دیں اور لوگوں سے پوچھا کہ کیا ان کے بچے بھی بستر پر ہونے کے باوجود تین سے چار مرتبہ جاگ جاتے ہیں؟

بیٹی کی مداخلت پر جیسنڈا آرڈرن نے غصہ کرنے کے بجائے مسکراتے ہوئے معاملے کو سنبھالا اور اس بات پر شکرانے ادا کیے کہ ان کی والدہ ان کے ساتھ ہیں جو کہ ان کی بچی کو سنبھالیں گی۔

بیٹی کی مداخلت کے بعد جیسنڈا آرڈرن ایک منٹ بھی خطاب جاری نہ رکھی سکیں اور لوگوں سے اجازت لی اور ساتھ ہی وعدہ کیا کہ وہ اگلی بار زیادہ دیر تک لائیو آئیں گی اور یہ بھی وعدہ کیا کہ دوبارہ ان کی نشریات میں کوئی خلل نہیں ڈالے گا۔

جیسنڈا آرڈرن جلد شادی کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
جیسنڈا آرڈرن جلد شادی کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کی لائیو نشریات میں بیٹی کی مداخلت کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور دنیا بھر کے لوگوں نے اس پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور ساتھ ہی جیسنڈا آرڈرن کی تعریفیں بھی کیں۔

جیسنڈا آرڈرن کے ہاں 21 جون 2018 کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، وہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے بعد دنیا کی دوسری خاتون وزیر اعظم بنی تھیں، جن کے ہاں عہدے پر براجمان رہتے وقت بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

بینظیر بھٹو کے ہاں 1990 میں بڑی صاحبزادی بختار بھٹو کی پیدائش ہوئی تھی۔

جیسنڈا آرڈرن نے بچی کی پیدائش کے بعد ساتھی 43 سالہ کلارک گفورڈ سے مئی 2019 میں منگنی کی تھی اور جلد ہی ان کا شادی کا ارادہ بھی ہے۔

جیسنڈا آرڈرن دوسری مدت کے لیے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم بنی ہیں، وہ پہلی بار 2017 میں 37 سال کی عمر میں نیوزی لینڈ کی نوجوان ترین وزیر اعظم بنی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں