دنیا کا پہلا 18 جی بی ریم سے لیس اسمارٹ فون متعارف

17 نومبر 2021
ایکسون 30 الٹرا ایرو اسپیس ایڈیشن — فوٹو بشکریہ زی ٹی ای
ایکسون 30 الٹرا ایرو اسپیس ایڈیشن — فوٹو بشکریہ زی ٹی ای

دنیا کا پہلا 16 جی بی ریم سے لیس اسمارٹ فون 2020 کے شروع میں متعارف کرایا گیا تھا۔

اب زی ٹی ای نے اپنے موجودہ فلیگ شپ فون ایکسون 30 الٹرا کا اسپیشل ایرو اسپیس ایڈیشن پیش کیا ہے جسے اس نے دنیا کا پہلا 18 جی بی ریم سے لیس فون قرار دیا ہے۔

یہ 18 جی بی ریم سے لیس اسمارٹ فون ہے جس میں ایک ٹی بی اسٹوریج دی گئی ہے اور ورچوئل ریم کی بدولت یہ مجموعی طور پر 20 جی بی ریم کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

ویسے یہ زی ٹی ای کا پہلا ایسا فون نہیں، اس سے پہلے وہ ایکسون 30 فائیو جی کی 12 جی بی ریم کے ساتھ 8 جی بی ورچوئل ریم کی سہولت بھی فراہم کرچکی ہے۔

اس نئے فون کو پیش کرنے کا مقصد چین کی اسپیس ایجنسی کی مختلف کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

ریم اور اسٹوریج سے ہٹ کر باقی اس فون میں کوئی اور نیا فیچر موجود نہیں۔

یعنی 6.67 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے 144 ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے تاہم یہ ڈسپلے 90 اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ موڈ سے بھی لیس ہے۔

فوٹو بشکریہ زی ٹی ای
فوٹو بشکریہ زی ٹی ای

اسکرین میں 1080 پی پلس ریزولوشن کے ساتھ ایچ ڈی آر 10 پلس سپورٹ موجود ہے اور ڈسپلے کے تحفظ کے لیے گوریلا گلاس 5 کوٹنگ کی گئی ہے۔

فون کی خاص بات اس کا بیک کیمرا سیٹ اپ ہے جو 4 کیمروں پر مشتمل ہے۔

4 میں سے 3 کیمرے 64 میگا پکسل سنسر سے لیس ہے، یعنی مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس میں او آئی ایس اور ایف 1.6 آپرچر موجود ہے۔

دوسرا 64 میگا پکسل کیمرا کچھ بڑے لینس کے ساتھ ہے جبکہ تیسرا 64 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا ہے۔

چوتھا کیمرا 8 میگا پکسل پیری اسکوپ سنسر کے ساتھ ہے۔ جبکہ فرنٹ پر 16 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔

یہ اسپیشل ایڈیشن فون چین میں 25 نومبر سے دستیاب ہوگا جس کی قیمت کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا، مگر ایکسون 30 الٹرا کا 16 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج والا فون 6666 یوآن (ایک لاکھ 82 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جارہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں