سیلفی کے شوقین افراد کو یہ نیا اسمارٹ فون ضرور پسند آئے گا

23 نومبر 2021
رینو 7 اور 7 پرو کا ڈیزائن ایسے ہوسکتا ہے — فوٹو بشکریہ elespanol
رینو 7 اور 7 پرو کا ڈیزائن ایسے ہوسکتا ہے — فوٹو بشکریہ elespanol

اوپو نے رینو 7 سیریز کے فونز کی تاریخ رونمائی کا اعلان کردیا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس مقبول سیریز کے نئے اسمارٹ فونز 25 نومبر کو متعارف کرائے جائیں گے۔

اوپو نے فون کی خاص بات اس کا سیلفی کیمرا قرار دیا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ یہ دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ہے جس میں سیلفی کیمرے کے لیے سونی کا آئی ایم ایکس 709 سنسر استعمال کیا جارہا ہے۔

کمپنی کی جانب سے چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر ایک ٹیزر ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں دکھایا گیا ہے کہ سونی کا یہ سنسر بہت کم روشنی میں بھی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔

اوپو نے بتایا کہ رینو 6 پرو کے مقابلے میں اس سنسر میں روشنی کے حوالے سے حساسیت میں 60 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ 35 فیصد نوائز رڈکشن کی گئی ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ سونی آئی ایم ایکس 709 رینو 7 اور رینو 7 پرو کے فرنٹ کیمروں میں ہوگا مگر رینو 7 ایس ای کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔

اوپو نے یہ بھی بتایا کہ رینو 7 پرو میں کیمرا سیٹ اپ کے ارگرد ایک پلسٹنگ لائٹ بھی ہوگی جو نوٹیفکیشنز سے الرٹ کرے گی۔

مگر یہ نہیں بتایا کہ یہ لائٹ صرف پرو ماڈل میں ہوگی یا تینوں فونز میں اسے دیا جائے گا۔

تینوں فونز کے فیچرز پہلے ہی لیک ہوچکے ہیں۔

رینو 7 اور 7 پرو کافی حد تک ایک جیسے فونز ہوں گے جن میں 6.5 انچ او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا جائے گا مگر اسٹینڈرڈ ماڈل میں 90 ہرٹز جبکہ پرو ماڈل میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ ہوگی۔

دونوں میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری 65 واٹ فاسٹ چارجنگ سپوٹ کے ساتھ دی جائے گی۔

رینو 7 میں میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 1200 جبکہ رینو 7 پرو میں اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر موجود ہوگا جبکہ 8 سے 12 جی بی ریم اور 256 جی بی تک اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے۔

دونوں کا کیمرا سیٹ اپ مختلف ہوگا، رینو 7 میں سونی کا تیار کردہ 50 میگا پکسل مین کیمرے کے ساتھ 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل ڈٰپتھ سنسنگ کیمرے موجود ہوں گے۔

پرو ماڈل میں سام سنگ کا تیار کردہ 50 میگا پکسل مین کیمرا ہوگا جس کے ساتھ 64 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 13 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرے دیئے جائیں گے۔

اس کے مقابلے میں رینو 7 ایس ای میں 6.43 انچ کا 90 ہرٹز ریفریش ریٹ ڈسپلے دیا جائے گا۔

فون میں میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 920 پراسیسر ہوگا جس کے ساتھ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج دی جائے گی۔

فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا ہوگا جبکہ بیک پر 64 میگا پکسل مین کیمرے کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل ڈٰپپتھ سنسر کیمرے موجود ہوں گے۔

رینو 7 ایس ای میں 4300 ایم اے ایچ بیٹری 65 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ لیس ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں