بلدیاتی انتخابات: خیبرپختونخوا کے اکثر پولنگ اسٹیشنز حساس قرار

اپ ڈیٹ 16 دسمبر 2021
صوبے کے 17 اضلاع میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے — ریڈیو پاکستان
صوبے کے 17 اضلاع میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے — ریڈیو پاکستان

الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے اعلان کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے لیے قائم کردہ 9 ہزار 202 پولنگ اسٹیشنز میں سے 2 ہزار 507 انتہائی حساس جبکہ 4 ہزار 168 حساس ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ای سی پی کا کہنا ہے کہ 2 ہزار 528 پولنگ اسٹیشن پر معمول کے مطابق پولنگ ہونے کا امکان ہے۔

صوبے کے 17 اضلاع میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے جبکہ دیگر اضلاع میں 16 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کی جائے گی۔

ای سی پی کی جاری کردہ تفصیلات سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبے کے سب سے زیادہ حساس پولنگ اسٹیشنز پشاور میں ہیں، جہاں مجموعی طور پر ایک ہزار 248 پولنگ اسٹیشنز ہیں، جس میں سے 860 حساس اور 165 انتہائی حساس ہیں، جبکہ 224 کو خطرے سے پاک قرار دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی مہم زور و شور سے جاری

صوبے میں ضلع نوشہرہ میں سب زیادہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن موجود ہیں، یہاں 558 پولنگ اسٹیشنز ہیں جن میں 354 انتہائی حساس، 148 حساس ہیں جبکہ 58 پولنگ اسٹیشنز پر غیر معمولی حالات کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

علاوہ ازیں کے پی کے ضلع چار سدہ میں سب سے زیادہ 425 پولنگ اسٹیشنز پر کسی قسم کی غیر معمولی صورتحال کا خدشہ نہیں ہے، یہاں مجموعی طور پر 732 پولنگ اسٹیشنز میں سے 307 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

ای سی پی نے قبائلی ضلع خیبر میں 297 ایسے پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کی جو حساس ہیں جبکہ یہاں موجود 57 پولنگ اسٹیشنز نارمل ہیں، مذکورہ ضلع میں 354 پولنگ اسٹیشنز ہیں۔

تاہم الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قبائلی ضلع خیبر اور چارسدہ میں کوئی پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس نہیں۔

قبائلی ضلع مہمند میں مجموعی طور پر 195 پولنگ اسٹیشنز میں سے 58 انتہائی حساس، 80 حساس اور 57 نارمل ہیں جبکہ ضلع مردان کے ایک ہزار 51 پولنگ اسٹیشنز میں سے 579 حساس، 241 انتہائی حساس اور 231 اسٹیشنز نارمل قرار دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کے پی بلدیاتی انتخابات: پی ٹی آئی وزرا، چیئرمین پی پی پی سمیت دیگر پر جرمانہ

ضلع صوابی میں مجموعی طور پر 762 پولنگ اسٹیشنز موجود ہیں جن میں سے 335 کو حساس، 175 انتہائی حساس ہیں، جبکہ 252 پولنگ اسٹیشن پر غیرمعمولی حالات کا کوئی خطرہ نہیں۔

ضلع کوہاٹ کے 487 میں سے 71 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ہیں، 199 حساس اور 216 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے ضلع کرک کے 193پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا ہے 91 حساس جبکہ 86 پولنگ اسٹیشنز کو غیر معمولی حالات سے پاک قرار دیا ہے۔

اسی طرح ہنگو کے 23 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس، 110 حساس اور 77 نارمل ہیں،ضلع بنوں کے 208 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس، 178 حساس اور 135 پر غیر معمولی حالات کا خطرہ نہیں۔

ضلع لکی مروت کے 122 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس، 163 حساس اور 124 نارمل ہیں، ڈیرہ اسمٰعیل خان کے 200 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس، 314 حساس اور 262 نارمل ہیں۔

ضلع ٹانک کے 60 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس،45 حساس اور 92 نارمل ہیں، جبکہ ضلع ہری پور کے 278 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس، 219 حساس اور 97 پر حالات معمول پر رہنے کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع بونیر کے 251 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس، 120 حساس اور 25 نارمل ہیں۔

اسی طرح باجوڑ کے 110 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس، 143 حساس اور 10 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی انتخابات سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا حکم سپریم کورٹ میں چیلنج

الیکشن کمیشن کے عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر،ضلعی پولیس افسران اور ضلعی الیکشن افسران پر مشتمل کمیٹی نے پولنگ اسٹیشنز کی حساسیت کے معیار کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں سیاسی حالات اور دیگر عوامل کو زیر غور لاتے ہوئے پولنگ اسٹیشنز کی حساسیت کا تعین کیا گیا ہے۔

قبل ازیں خیبر پختونخوا حکومت نے اعلان کیا تھا کہ 19 دسمبر کو صوبے کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں 9 ہزار پولنگ اسٹیشنز پر 77 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

حکومت کا کہنا تھا کہ انہوں نے پولنگ اسٹیشنز کی اے، بی اور سی کیٹیگری میں درجہ بندی کی ہے، 9 پولیس عہدیداران اے کیٹیگری کے پولنگ اسٹیشنز پر تعینات ہوں گے، پانچ بی کیٹگری جبکہ 3 سی کیٹیگری کے پولنگ اسٹیشنز پر تعینات ہوں گے۔

صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ وہ پولنگ اسٹشنز جو انتہائی حساس یا زیادہ آبادی والے علاقوں میں ہیں، انہیں اے کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

پولنگ کے روز ان اضلاع میں پولیس اہلکاروں کے علاوہ کوئیک رسپانس فورس کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں