کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 2 روپے 59 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان

اپ ڈیٹ 02 فروری 2022
چیئرمین نیپرا نے اسے کراچی کے شہریوں کے لیے اچھی خبر قرار دیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
چیئرمین نیپرا نے اسے کراچی کے شہریوں کے لیے اچھی خبر قرار دیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

کے الیکٹرک صارفین کے لیے دسمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 59 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ’کے الیکٹرک‘ کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

یاد رہے کے الیکٹرک کی جانب سے دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 79 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں میں 61 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان

چیئرمین نیپرا کی زیر صدارت کے الیکٹرک کی درخواست پر ہونے والی سماعت کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا، جو اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد سنایا جائے گا۔

دوران سماعت کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ دسمبر میں بجلی کی طلب گزشتہ مہینوں کی نسبت کم رہی اسی لیے فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 79 پیسے سستی کرنے کی درخواست کی ہے۔

نیپرا حکام نے کہا کہ اس دوران گیس پریشر میں کمی اور میرٹ آرڈر کی خلاف ورزیاں بھی ہوئیں، میرٹ آرڈر کی خلاف ورزیوں سے مجموعی طور پر 10 کروڑ 80 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کے الیکٹرک‘ کی درخواست میں مزید 78 پیسے کی ایڈجسٹمنٹ شامل کی جائے گی، جو کے الیکٹرک کے اعداد و شمار کے برعکس 2 روپے 59 پیسے فی یونٹ بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 4 روپے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

چیئرمین نیپرا نے اسے کراچی کے شہریوں کے لیے اچھی خبر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ دو مختلف سسٹمز کے ذریعے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ پر فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔

یاد رہے کہ نومبر 2021 میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا نے کراچی والوں کے لیے بجلی ایک ماہ کے لیے 76 پیسے فی یونٹ سستی کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں