عامر لیاقت کی تیسری شادی کے بعد سابقہ بیویوں کی سوشل میڈیا پوسٹس وائرل

11 فروری 2022
عامر لیاقت کی پہلی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ ٹوئٹر
عامر لیاقت کی پہلی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ ٹوئٹر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی، اسکالر اور معروف ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین کی تیسری شادی پر ان کی پہلی دونوں سابقہ بیویوں کی جانب سے کی گئی سوشل میڈیا پوسٹس وائرل ہو رہی ہیں۔

عامر لیاقت حسین نے 10 فروری کو سوشل میڈیا پوسٹس میں تیسری شادی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے 9 فروری کو خود سے کم عمر 18 سالہ سیدہ دانیا شاہ سے شادی کرلی۔

عامر لیاقت نے تیسری شادی کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا تھا جب کہ کچھ ہی گھنٹے قبل ان کی سابق اور دوسری اہلیہ اداکارہ و ماڈل طوبیٰ انور نے تصدیق کی تھی کہ انہوں نے رکن قومی اسمبلی سے خلع لے لی۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ نے طلاق کی تصدیق کردی

ٹی وی میزبان و اسکالر کی تیسری شادی کے بعد جہاں گزشتہ دو دن سے ان کا نام سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ میں رہا، وہیں اب ان کی سابق پہلی دونوں بیویوں کی جانب سے کی گئی سوشل میڈیا پوسٹس بھی خوب وائرل ہو رہی ہیں۔

عامر لیاقت حسین کی سابق اور پہلی اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے اگرچہ ان کی شادی پر براہ راست کوئی رد عمل نہیں دیا، تاہم انہوں نے حجاب کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک قول لکھا اور ان کی پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

بشریٰ اقبال نے لکھا کہ ’ جو دل کے صاف ہوتے ہیں وہ رب کے خاص ہوتے ہیں‘ جس پر لوگوں نے ان کی شخصیت اور صبر کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں اسی طرح بہادر رہنے کا مشورہ بھی دیا۔

بشریٰ اقبال کی طرح عامر لیاقت حسین کی دوسری سابق اہلیہ ماڈل و اداکارہ طوبیٰ انور نے بھی اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں قرآن پاک کی آیت اور اس کا ترجمہ لکھا، جس پر ان کی بھی تعریفیں کی گئیں۔

مزید پڑھیں: طوبی انور نے عامر لیاقت سے خلع لے لی

طوبیٰ انور نے اپنی ٹوئٹ میں قرآن کریم کی آیت کا ترجمہ لکھا کہ ’جو لوگ پاک دامنوں بے خبر ایمان والیوں پر تہمت لگاتے ہیں ان پر دنیا اور آخرت میں لعنت ہے اوران کے لیےبڑا عذاب ہے -

طوبیٰ انور کی ٹوئٹ پر بھی لوگوں نے ان کی تعریفیں کیں اور انہیں مزید مضبوط رہنے کا مشورہ دیا۔

عامر لیاقت اور طوبیٰ انور نے 2018 کے وسط میں شادی کی تھی مگر انہوں نے اس کی تصدیق دسمبر 2018 میں کی تھی۔

شادی کے محض تین سال بعد گزشتہ برس ہی طوبیٰ انور اور عامر لیاقت حسین کے درمیان طلاق کی خبریں آئی تھیں مگر اس وقت پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے انہیں مسترد کردیا تھا۔

طوبیٰ عامر نے 10 فروری کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں تصدیق کی تھی کہ انہوں نے عامر لیاقت سے خلع لے لی۔

ان سے قبل عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے دسمبر 2020 میں تصدیق کی تھی کہ انہیں شوہر نے کچھ عرصہ قبل ہی طلاق دے دی تھی۔

بشریٰ اقبال اور عامر لیاقت کے دو بچے بھی ہیں، جن میں ان کا بڑا بیٹا احمد 20 سال سے زائد العمر ہے جب کہ بیٹی دعا عامر ابھی 18 سال کی نہیں ہوئیں۔

والد کی تیسری شادی پر گزشتہ روز دعا عامر نے بھی رد عمل دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ ان سے خاندان سے متعلق سوال کرکے انہیں پریشان نہ کیا جائے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Zia Uddin, PhD Feb 11, 2022 11:56pm
Liaqat, please stop this nonsense and pay attention to your job as MNA.