والد کی تیسری شادی پر عامر لیاقت کی بیٹی کا رد عمل

اپ ڈیٹ 11 فروری 2022
دعا عامر نے والد کی دوسری شادی پر بھی شدید رد عمل دیا تھا—فائل فوٹو: ٹوئٹر/ انسٹاگرام
دعا عامر نے والد کی دوسری شادی پر بھی شدید رد عمل دیا تھا—فائل فوٹو: ٹوئٹر/ انسٹاگرام

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی، اسکالر اور معروف ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین کی صاحبزادی دعا عامر نے ان کی تیسری شادی پر لوگوں کے سوالات سے تنگ آکر اپنا رد عمل دے دیا۔

عامر لیاقت حسین کے پہلی اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال سے دو نوجوان بچے ہیں، جن میں 20 سال سے زائد العمر بیٹا احمد اور جواں سالہ بیٹی دعا شامل ہیں۔

عامر لیاقت حسین کی پہلی شادی بھی 2018 کے بعد طلاق پر ختم ہوئی تھی اور ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے 2020 میں طلاق کی تصدیق کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت کی دوسری شادی پر پہلی اہلیہ اور بیٹی کا ردعمل

عامر لیاقت حسین کی جواں سالہ بیٹی نے 2018 میں والد کی ماڈل و اداکارہ طوبیٰ انور سے شادی پر بھی رد عمل دیا تھا۔

دعا عامر نے والد کی طوبی انور سے شادی کو خاندان کا المیہ قرار دیتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔

دعا عامر نے لوگوں سے اپیل کی کہ ان سے خاندانی معاملات سے متعلق نہ پوچھا جائے—اسکرین شاٹ
دعا عامر نے لوگوں سے اپیل کی کہ ان سے خاندانی معاملات سے متعلق نہ پوچھا جائے—اسکرین شاٹ

اب ان کے والد نے تقریباً ان کی ہم عمر لڑکی 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے تیسری شادی کی ہے، جس پر لوگ عامر لیاقت حسین کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔

عامر لیاقت حسین کی جانب سے خود سے 31 سال کم عمر لڑکی سے شادی کیے جانے پر لوگوں نے اسکالر کی بیٹی دعا عامر سے بھی رد عمل جاننے کی کوشش کی اور سوشل میڈیا پوسٹس میں انہیں بھی مینشن کرکے ان سے سوالات کرنے لگے۔

والد کی تیسری شادی پر لوگوں کے سوالوں پر دعا عامر نے انسٹاگرام اسٹوری میں عوام سے اپیل کی کہ وہ ان سے ان کے خاندان سے متعلق سوال پوچھنا بند کریں۔

دعا عامر نے لوگوں سے درخواست کی کہ سوشل میڈیا پوسٹس میں انہیں مینشن کرکے ان سے ان کے خاندانی مسائل سے متعلق نہ پوچھا جائے۔

مزید پڑھیں: عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ نے طلاق کی تصدیق کردی

عامر لیاقت کی صاحبزادی نے مزید لکھا کہ انسٹاگرام کا ان کا اکاؤنٹ ان کے آرٹ ورک کے لیے ہے، اسی لیے اگر لوگوں کو ان کا کام پسند نہیں تو وہ انہیں ان فالو کردیں مگر ان سے ذاتی سوالات نہ پوچھے جائیں۔

دعا عامر نے 2018 میں والد کی دوسری شادی پر بھی شدید رد عمل دیا تھا—فائل فوٹو: ٹوئٹر/ انسٹاگرام
دعا عامر نے 2018 میں والد کی دوسری شادی پر بھی شدید رد عمل دیا تھا—فائل فوٹو: ٹوئٹر/ انسٹاگرام

دعا عامر نے مزید لکھا کہ وہ کسی بھی شخص کے سوال کا جواب انباکس میں نہیں دیں گی اور نہ ہی کسی کو اپنی ذاتی زندگی اور خاندان سے متعلق کوئی وضاحت پیش کریں گی۔

دعا عامر کی طرح لوگ سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ بشریٰ اقبال کی پرانی سوشل میڈیا پوسٹس بھی شیئر کرکے انہیں مینشن کرکے ان سے بھی سوالات پوچھتے دکھائی دیے۔

ڈاکٹر بشریٰ اقبال اپنی بیٹی اور بیٹے کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں اور عامر لیاقت کی صاحبزادی ان کی دوسری اہلیہ طوبیٰ انور اور تیسری اہلیہ سیدہ دانیہ شاہ سے کچھ ہی سال کم عمر ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں