امریکہ نے یمنی سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا
واشنگٹن: امریکہ نے یمن میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا ہے۔
خیال رہے کہ دو ہفتے قبل یہ سفارتخانہ القاعدہ کے حملے کے خدشے کے پیش نظربند کیا گیا تھا۔
محکمہ خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صنعاء میں سفارتخانہ محدود خدمات کی فراہمی کیلئے اتوار کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
صنعاء مسلم دنیا میں ان 19 امریکی قونصل خانوں اور سفارتخانوں میں شامل تھا جن کو 4 اگست کو اس وقت بند کردیا گیا تھا جب امریکی حکام کے بقول فوری حملوں کا خطرہ تھا۔
دیگر سفارتی مشنز پہلے ہی دوبارہ کھول دئیے گئے ہیں تاہم یمن جو کہ جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے ایک دھڑے کے جنگجوؤں کا گڑھ ہے، کو اس خطرے کے مرکز کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
یمن کے حکام نے اس کے بعد سے مبینہ حملے کی منصوبہ بندی ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے اور امریکی ڈرون حملوں کی متعدد رپورٹس موصول ہوئی ہیں جس میں مشتبہ جنگجو مارے گئے۔