کراچی: سی ویو پر غیرملکی وی لاگر سے مبینہ فراڈ پر 3 افراد گرفتار

اپ ڈیٹ 20 مارچ 2022
غیرملکی سیاح نے ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی تھی—فوٹو: ڈیل فلپ یوٹیوب
غیرملکی سیاح نے ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی تھی—فوٹو: ڈیل فلپ یوٹیوب

کراچی کے سی ویو پر اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے یوٹیوب وی لاگر ڈیل فلپ کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی اور فراڈ کی کوشش کرنے پر درخشاں پولیس نے گھڑ سواری کرانے والے 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی جنوبی اعجاز احمد نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ گھوڑوں کے مالکان کو ڈیل فلپ کی جانب سے یوٹیوب پر واقعے کی ویڈیو اپ لوڈ اور ٹوئٹر پر نشر کرنے کے بعد حراست میں لیا گیا ہے۔

غیرملکی وی لاگر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

ویڈیو کا آغاز ڈیل فلپ اور گھوڑوں کے مالکان کے درمیان ساحل سے منسلک پارک چنکی منکی تک 200 روپے میں ایک رائیڈ پر اتفاق سے ہوتا ہے، تاہم جب رائیڈ شروع ہوتی ہے ہے فلپ کو پتہ چلتا ہے کہ وہ مخالف سمت جارہے ہیں۔

گھوڑے کا مالک ڈیل فلپ کو دوران سواری یہ کہتا ہے کہ چنکی منکی تک طویل سواری ہے اور اس کا کرایہ پوچھنے پر واضح جواب نہیں دیتے ہیں، گھوڑے کے مالک بھی فلپ کے ساتھ ساتھ دوسرے گھوڑے پر سوار تھے۔

غیرملکی وی لاگر انہیں یاد دلاتے ہیں کہ ایک سواری کے لیے 200 پر اتفاق ہوگیا ہے تو وہ کہتا ہے کہ چنکی منکی تک 20 چکر لگیں گے۔

فلپ کو مسلسل یہ کہتے ہوئے سناجاسکتا ہے کہ روکیں تاکہ وہ گھوڑے سے اترسکیں لیکن گھوڑے کے مالک نظرانداز کرتےہیں۔

منزل پر واپسی پر گھوڑے کے مالک ان سے 5 ہزار روپے کا مطالبہ کرتے ہیں تاہم فلپ 5 ہزار ادا کرنے سے انکار کرتے ہیں۔

ایس ایس پی اعجاز نے مذکورہ تفصیلات کی تصدیق کی اور کہا کہ گھوڑوں کے مالکان زیر حراست ہیں اور ان کی شناخت جہانزیب، مقصود اور احسان اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں آسٹریلیا کے وی لاگر لیوک ڈیمنٹ نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی تھی، جس میں ایک گھوڑے کے مالک کو ان کے ساتھ فلپ کی ساتھ ہونے والے طریقے سے فراڈ کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ لیوک ڈیمنٹ کے ساتھ فراڈ کی کوشش کرنے والے کی شناخت زبیر کے نام سے ہوئی تھی اور انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔

ایس ایس پی اعجاز نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ دونوں کیسز کے درخواست گزار مشتبہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں سیاحوں نے فراڈ کرنے والے افراد کی گرفتاری پر پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور فلپ نے اپنے ٹوئٹس میں پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

فلپ نے گرفتار افراد کی تصویر بھی جاری کی، جس میں انہیں سلاخوں کے پیچھے دیکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اب وہ کراچی پولیس کی مہربانی سے پابند سلاسل ہیں۔

فلپ نے مزید کہا کہ امید ہے کہ انہیں سبق ملا ہوگا کہ غیرملکی سیاحوں کو دھوکا دینے کی ضرورت نہیں ہے، اگر ان کے ساتھ اچھا سلوک کیا گیا اور ان کے ساتھ دیانت داری کے ساتھ پیش آئے تو اکثر لوگ اضافی پیسے دیں گے۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ دونوں واقعات میں ملزمان نے بعد میں معافی مانگ لی۔

انہوں نے کہا کہ ان واقعات کی روشنی میں پولیس نے سی ویو پر گھوڑے رکھنے والوں کے سروے کا فیصلہ کیا تھا اور طے ہوا تھا کہ یہ سروے پولیس، کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن اور ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) جنوبی نے مشترکہ طور پر کریں گے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ سروے کے بعد قواعد و ضوابط مشترکہ طور پر طے کیے جائیں گے اور ان کی خلاف ورزی کی صورت میں گھوڑوں کے مالکان کے خلاف لوگوں کو دھوکا دینے اور ساحل پر لوگوں کے ساتھ نامناسب رویے اختیار کرنے کے جرم میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Shoaib Manzoor Mar 20, 2022 12:13am
Jasi awam wase hukmaran