ول اسمتھ کے لیے آسکر کے دروازے اگلے 10 سال کے لیے بند

09 اپريل 2022
ول اسمتھ ایک دہائی تک کسی پروگرام میں شرکت نہیں کر پائیں گے—فائل فوٹو: رائٹرز
ول اسمتھ ایک دہائی تک کسی پروگرام میں شرکت نہیں کر پائیں گے—فائل فوٹو: رائٹرز

’آسکر‘ کی 94 ویں تقریب کے دوران میزبان کرس راک کو تھپڑ رسید کرنے کے واقعے کے بعد اکیڈمی انتظامیہ نے ہولی وڈ اداکار ول اسمتھ پر 10 سال تک تقریب میں شرکت نہ کرنے کی پابندی عائد کردی۔

اکڈمی انتطامیہ کے اس فیصلے سے قبل ہی ول اسمتھ 2 اپریل 2022 کو اپنے عمل پر شرمندہ ہوکر آسکر کی رُکنیت چھوڑنے کا اعلان کرچکے تھے۔

خبر رساں ادارے ’ایجنسی فرانس پریس‘ (اے ایف پی) کی رپورٹ کے مطابق اداکار ول اسمتھ کو آسکر انتظامیہ نے ان کی بدسلوکی کی بنا پر اکیڈمی اف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز میں بھی شرکت کی ممانعت کردی۔

ول اسمتھ نے اسٹیج پر جاکر کرس راک کو تھپڑ مارا تھا — فوٹو: رائٹرز
ول اسمتھ نے اسٹیج پر جاکر کرس راک کو تھپڑ مارا تھا — فوٹو: رائٹرز

رپورٹ کے مطابق آسکر کے صدر اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) کی جانب سے 8 اپریل 2022 سے اگلے 10 سال کے لیے ول اسمتھ پابندی عائد کی گئی، جس کے بعد اب وہ ایک دہائی تک آسکر سمیت دیگر ایوارڈز تقریبات میں شرکت کے اہل نہیں کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ول اسمتھ نے آسکر ایوارڈز کے اسٹیج پر کامیڈین کرس راک کو تھپڑ کیوں مارا؟

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار کے لیے سزا کا تعین بورڈ ممبران کی ایک میٹنگ میں کیا گیا، جس میں پابندی عائد کرنے کے علاوہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اداکار سے ان کا حال ہی میں اپنی فلم کنک ریچرڈ کے نمایاں کردار ولیم ریچرڈ پر حاصل کیا گیا بہترین اداکار کا ایوارڈ واپس نہ لیا جائے۔

آسکر اکیڈمی کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا کہ ول اسمتھ کی اس بدسلوکی کے بعد اکیڈمی بورڈ کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال بہترین کارکردگی کرنے والے انڈسٹری کے افراد کے لیے یہ 94 واں آسکر ایک خوشی کا موقع تھا جو کہ ول اسمتھ کے ناقابلِ قبول اور بدترین رویے کی وجہ سے ماند پڑ گیا۔

واضح رہے کہ ول اسمتھ نے 28 مارچ کو ہونے والی آسکر تقریب کے دوران میزبان کرس راک کو اہلیہ کے بالوں پر مزاق اُڑانے پر اسٹیج پر آکر تھپڑ رسید کیا تھا۔

مزید پڑھیں: جیڈا اسمتھ نے آسکر ایوارڈز کے واقعے پر خاموشی توڑ دی

تھپڑ کی ویڈیو جیسے ہی وائرل ہوئی تو دنیا بھر کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین نے ول اسمتھ کو تنقید کا نشانہ بنایا تو کچھ نے ان کی حمایت بھی کی۔

ول اسمتھ نے خود پر تنقید کے بعد کرس راک سے معافی بھی مانگی تھی اور بعد ازاں 2 اپریل کو انہوں نے آسکر موشن پکچرز اکیڈمی کی رُکنیت بھی چھوڑ دی تھی مگر اب اکیڈمی نے ان پر آئندہ ایک دہائی تک ایوارڈز تقریب میں شرکت کرنے پر پابندی عائد کردی۔

کرس راک نے ول اسمتھ کی بیوی کے بالوں پر مذاق کیا تھا—فوٹو: اے پی
کرس راک نے ول اسمتھ کی بیوی کے بالوں پر مذاق کیا تھا—فوٹو: اے پی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں