یوٹیوب شارٹس میں اشتہارات کی آمد

29 اپريل 2022
—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

اگر آپ یوٹیوب شارٹس دیکھنا پسند کرتے ہیں تو اب ایک بڑے دھچکے کے لیے تیار ہوجائیں۔

عام ویڈیوز کے بعد اب گوگل کی جانب سے یوٹیوب شارٹس میں بھی اشتہارات کو دکھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق فی الحال یوٹیوب شارٹس میں اشتہارات کا تجربہ کیا جارہا ہے اور وہاں ابتدائی طور پر ایپ انسٹال اور ایسے ہی دیگر اشتہارات دکھائے جائیں گے۔

گوگل کے چیف بزنس آفیسر فلپ شنڈلر نے بتایا کہ یہ ابتدائی دن ہیں اور ہم اشتہاری کمپنیوں کے ابتدائی فیڈ بیک سے مطمئن ہیں۔

خیال رہے کہ یوٹیوب شارٹس کو گوگل کی جانب سے ٹک ٹاک کے مقابلے کے لیے ستمبر 2020 میں متعارف کرایا تھا۔

اس کو بتدریج دنیا بھر میں موبائل فونز پر پیش کیا گیا اور اب کمپنی کا کہنا ہے کہ اس وقت یوٹیوب شارٹس کے روزانہ کے ویوز اوسطاً 30 ارب سے زیادہ ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ ہے۔

گوگل کے سی ای او سندر پچائی کے مطابق ہم ہمیشہ پراڈکٹس پر کام کرتے ہیں، ہم پہلے صارف کے بہترین تجربے پر توجہ مرکوز کرتے ہیں اور اس کے بعد وقت کے ساتھ کمانے پر توجہ دیتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انٹرنیٹ کنکٹڈ ٹی ویز میں روزانہ لوگ 70 کروڑ گھنٹے یوٹیوب دیکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یوٹیوب کی جانب سے اس سال کنکٹڈ ٹی ویز کے لیے نئے اسمارٹ فون فیچرز متعارف کرائے جائیں گے تاکہ صارفین کے لیے کمنٹ اور مواد شیئر کرنا آسان ہوجائے۔

ان کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران یوٹیوب کی آمدنی 6.87 ارب ڈالرز رہی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں