لاپتا افراد کیس: پرویز مشرف، جانشین حکمرانوں کو نوٹس

اپ ڈیٹ 30 مئ 2022
عدالت نے مدثر محمود نارو اور دیگر 5 افراد کی گمشدگی سے متعلق کیس میں اتوار کو 15 صفحات پر مشتمل حکم جاری کیا — فائل فوٹو
عدالت نے مدثر محمود نارو اور دیگر 5 افراد کی گمشدگی سے متعلق کیس میں اتوار کو 15 صفحات پر مشتمل حکم جاری کیا — فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف اور ان کے بعد آنے والے تمام چیف ایگزیکٹوز بشمول عمران خان اور موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف کو جبری گمشدگیوں سے متعلق پالیسی کی غیر اعلانیہ طور پر منظوری دینے پر نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے صحافی مدثر محمود نارو اور دیگر 5 افراد کی گمشدگی سے متعلق کیس میں اتوار کو 15 صفحات پر مشتمل حکم جاری کیا اور ان کی درخواستیں حتمی دلائل کے لیے مقرر کی گئی تھیں لیکن وفاقی حکومت نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی۔

رانا محمد اکرام بنام وفاق پاکستان کیس میں چیف جسٹس نے کہا کہ 'ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف اور تمام جانشین چیف ایگزیکٹوز یعنی سابقہ اور موجودہ وزرائے اعظم اپنے متعلقہ حلف نامے جمع کرائیں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: بیان بازی نہیں عملی اقدامات کریں، لاپتا افراد کے لواحقین کا مطالبہ

انہوں نے ہدایت کی کہ حلف ناموں میں بتایا جائے کہ عدالت ان کے خلاف غیر اعلانیہ طور پر جبری گمشدگیوں سے متعلق پالیسی کی منظوری اور اس طرح قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص مسلح افواج کی شمولیت کی اجازت دے کر قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے پر آئین کی مبینہ خلاف ورزی کے الزام میں کارروائی کا حکم کیوں نہیں دے سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے اپنی سوانح حیات 'اِن دی لائن آف فائر' میں واضح اعتراف کیا ہے کہ ’جبری گمشدگیاں‘ ریاست کی غیر اعلانیہ پالیسی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے ملک کی سلامتی اور سالمیت کے لیے قربانیاں دی ہیں اور دیتے رہیں گے اور ہر شہری کو ان کا احترام کرنا چاہیے ورنہ ملک اور اس کے عوام کی سلامتی اور سالمیت خطرے میں پڑ جائے گی۔

حکم میں مزید کہا گیا کہ 'تاہم انسانی حقوق اور شہریوں کی آزادی کی خلاف ورزی کے مترادف کارروائیوں میں مسلح افواج کے ملوث ہونے یا اس کا تصور بھی قانون کی حکمرانی کو کمزور کرتا ہے'۔

مزید پڑھیں: لاپتا افراد کا مسئلہ قاعدے، قانون اور میرٹ کی بنیاد پر حل کریں گے، وزیراعظم

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اگر لاپتا افراد کو بازیاب نہیں کیا گیا اور نہ ہی وفاقی حکومت کی جانب سے مؤثر اور قابل عمل اقدامات/فیصلے کیے گئے تو موجودہ اور سابق وزرائے داخلہ ذاتی طور پر پیش ہو کر وضاحت کریں گے کہ درخواستوں کا فیصلہ کیوں نہیں کیا جاسکتا اور ان پر معقول جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے کیوں کہ درخواست گزاروں کو ان کی شکایات کے حوالے سے ردعمل اور ہمدردی کی کمی کی وجہ سے ناقابل تصور اذیت اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 'اٹارنی جنرل عدالت کو مطمئن کریں گے کہ مستقبل میں مبینہ طور پر گمشدگیوں کی صورت میں وفاق اور متعلقہ صوبوں کے چیف ایگزیکٹوز کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا حکم کیوں نہیں دیا جاسکتا‘۔

عدالت نے لاپتا افراد کا معاملہ مؤثر طور پر اجاگر نہ کرنے پر میڈیا کے کردار پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ 'پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا لاپتا افراد کے اہل خانہ کی ناقابل تصور آزمائش اور اذیت کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ لاپتا افراد کے معاملے میں یا تو ریاستی طاقت کے غلط استعمال اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی بدترین شکل کو نظر انداز کرنے کو ترجیح دیتے ہیں یا پھر اسے ترجیح نہیں دیتے۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتا افراد کے بارے میں حکومت پالیسی سے آگاہ کرے، اسلام آباد ہائی کورٹ

عدالت نے اس معاملے پر پارلیمنٹ کے کردار پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) اور متعلقہ صوبوں کی قانون ساز اسمبلیاں ریاست کے سب سے اہم اور اہم ادارے ہیں لیکن ریکارڈ پر ایسا کچھ نہیں جو اس بات کی نشاندہی کر سکے کہ انہوں نے اپنی آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے ایک فعال کردار ادا کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں