وزیر خزانہ نے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی رپورٹس کو مسترد کردیا

اپ ڈیٹ 07 جون 2022
مفتاح اسمٰعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی افواہیں مسترد کردیں— فائل فوٹو: ڈان نیوز
مفتاح اسمٰعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی افواہیں مسترد کردیں— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے آج پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہو رہا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ایسی کوئی سمری تیار کی گئی ہے نہ ہی قیمتیں بڑھانے کا ارادہ ہے'۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'میں نے آج ہونے والے پری بجٹ سیمینار میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے بات نہیں کی'۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید 30 روپے فی لیٹر بڑھانے کا اعلان

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ جو چینل اس طرح کے ٹکرز چلا رہے ہیں وہ ناظرین کی کوئی خدمت نہیں کر رہے۔

خیال رہے کہ پری بجٹ سیمینار سے وزیر خزانہ کے خطاب کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر گاڑیوں اور بائیکس میں پیٹرول بھروانے کے لیے شہریوں کی طویل قطاریں لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

حکومت نے 26 مئی کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے کا اضافہ کیا تھا جس سے پیٹرول کی قیمت بڑھ کر پیٹرول 179 روپے 86 پیسے جبکہ ڈیزل کی ڈیزل 174 روپے 15 پیسے ہوگئی تھی۔

مزید پڑھیں: حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان

اس اضافے کے محض ایک ہفتے بعد 2 جون کو ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 30 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا تھا جس کے بعد سے پیٹرول 209 روپے 86 پیسے جبکہ ڈیزل 204 روپے 15 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا تھا۔

مفتاح اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اس اضافے کے باوجود حکومت کو لائٹ ڈیزل پر 8 روپے، پیٹرول پر 9 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر اب بھی 23 روپے نقصان ہو رہا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اندازہ اور احساس ہے کہ اس فیصلے سے غریبوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا لیکن اس وقت دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں